عوام کو نئے سال کا تحفہ پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی صورت میں ملے گا

بدھ 3 دسمبر 2014 20:14

عوام کو نئے سال کا تحفہ پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی صورت میں ملے گا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3دسمبر۔2014ء) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکے بعد دیگرے ریکارڈ کمی نے مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک بڑا ریلیف دیا ہے اور پاکستان کے عوام اس کمی پر پھولے نہیں سما رہے ہیں۔ دہشت گردی، مہنگائی اور دیگر مصیبتوں میں گھری عوام کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلے ماہ یعنی یکم جنوری 2015ءسے مزید کمی کا قوی امکان ہے۔

عالمی ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 40 ڈالر فی بیرل تک گر سکتی ہے۔ برطانوی غیر سرکاری تنظیم چیسٹم ہاﺅس کے ماہر پول سٹیونس کے مطابق 2008ءکے مالیاتی بحران کے بعد تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا رجحان جاری رہے گا اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 40 ڈالر فی بیرل تک آ سکتی ہے جبکہ اس وقت عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 66.88 ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکمران جماعت کے مرکزی رہنماءحمزہ شہباز شریف نے بھی اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ وفاقی حکومت اگلے ماہ یعنی یکم جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی اور اس کے اثرات عوام تک پہنچانے کی بھرپور کوشش بھی کی جائے گی۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا سبب بنے گا۔ موجودہ سیاسی حالات اور دباﺅ کے باعث حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ضرور کمی کرے گی اور یکم جنوری سے تیل کی قیمت میں کم از کم 6 روپے فی لیٹر تک کی کمی کا قوی امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :