سندھی ثقافت ”سندھی ٹوپی اجرک ڈے“ کو اجاگر کرنے کے لئے فخر اسلام پبلک ہائی اسکول روہڑی میں تقریب کا انعقاد

بدھ 3 دسمبر 2014 23:15

سکھر ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2014ء ) سندھی ثقافت ”سندھی ٹوپی اجرک ڈے“ کو اجاگر کرنے کے لئے فخر اسلام پبلک ہائی اسکول روہڑی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں اسکول کے چیئرمین آغا جبار خان ، ڈائریکٹر شبانہ آغا سمیت اسکول سینئر اساتذہ مس شہنیلا مغل، عبدالصمد میمن، عبدالقادر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ ٹیبلوز کی تیاری میں مس سمرت رباب، مس مہوش اور مس ندا نے اہم کردار ادا کیے۔

پروگرام میں بچوں کے ساتھ والدین نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان گرامی کا کہنا تھا کہ سندھ کی زمین اولیاؤں کی سر زمین ہے، یہاں کی قدیمی ثقافتی روایات صدیوں سے برقرار ہیں روہڑی کو بھی یہ انفرادیت حاصل ہے کہ یہاں حضور پاک ﷺ کا موئے مبارک موجود ہے سندھی ثقافت کا یہ دن سندھ میں رہنے والوں کے لیے یکجہتی کا پیغام ہے۔ سندھ کی خاص پہچان یہاں کی مہمان نوازی اور ٹوپی اجرک ہے، جس کو پہن کر سندھ کے رہنے والے فخر محسوس کرتے ہیں۔ اور مہمان کو پیش کرکے داد وصول کی جاتی ہے، سندھ میں بے شمار لوگ مختلف زبانیں بولنے والے آباد ہیں ہر زبان کی اپنی خوبی ہے، مگر سندھی زبان اپنی مٹھاس اور پیار کی وجہ سے سب کے دلوں کی دھڑکن ہے۔