Live Updates

تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران پرویز خٹک کی چوہدری نثار سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف

جمعرات 4 دسمبر 2014 17:42

تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران پرویز خٹک کی چوہدری نثار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء) تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے خفیہ ملاقاتوں کا انکشاف‘ پرویز خٹک ملاقاتوں میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی پالیسیوں سے اختلاف اور کے پی کے اسمبلی نہ توڑنے کا اظہار کرتے رہے۔ جمعرات کو ذمہ دار ذرائع کی مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے 30 اگست کے دھرنے سے قبل اور دھرنے کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس اور دیگر مقامات پر عمران خان اور پارٹی راہنماؤں کو آگاہ کئے بغیر ملاقاتیں کرتے رہے۔

ذرائع کی مطابق اکثر ملاقاتیں اسلام آباد میں پنجاب ہاؤس میں جبکہ ایک خفیہ ملاقات مری میں ایک سرکاری ریسٹ ہاؤس میں ہوئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک ان ملاقاتوں میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پالیسیوں سے کھل کر اظہار لاتعلقی اور اختلاف کا اظہار کرتے رہے۔ ایک ملاقات میں انہوں نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیاکہ عمران خان صوبائی اسمبلی توڑنے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن وہ اس کے حق میں نہیں۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے وزیر داخلہ سے درخواست بھی کی کہ اس حوالے سے وہ عمران خان کو سمجھائیں کہ حالات کو اس نہج پر نہ لے کر جائیں کہ موجودہ جمہوری نظام ہی دھڑام سے نیچے آگرے۔ واضح رہے کہ پرویز خٹک اور چوہدری نثار علی خان کلاس فیلو ہیں پرانے تعلق کے باعث چوہدری نثار علی خان سے دوستانہ مراسم ہیں۔ پرویز خٹک اور چوہدری نثار کے کلاس فیلو ہونے کی وجہ سے بے تکلفانہ تعلقات رہے ہیں۔ وہ انہی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے دھرنے کے بحرانی دنوں میں بھی وزیر داخلہ سے خفیہ طور پر ملتے رہے تاہم ان کی پارٹی میں عمران خان سمیت دیگر کسی لیڈر کو بھی ان ملاقاتوں کی بھنک نہ پڑ سکی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات