لاہور‘بڑھتاہوا سیاسی دباؤ ،بجلی کے نرخوں میں بھی 7 سے 10 فیصد کمی کا امکان

جمعہ 5 دسمبر 2014 13:03

لاہور‘بڑھتاہوا سیاسی دباؤ ،بجلی کے نرخوں میں بھی 7 سے 10 فیصد کمی کا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2014ء ) حکومت نے بڑھتے ہوئے سیاسی دباؤ کے پیش نظر عوام کو عملی ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سستی کرنے کے بعد بجلی کے بل بھی غریب کی دسترس میں لانے کا جامع پلان مرتب کر لیا گیا،وزیر اعظم نے بجلی کے نرخوں میں بتدریج کمی لانے کا ٹاسک وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سونپ دیاہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پٹرول کے بعد بجلی کے نرخوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخ سات سے دس فیصد تک کم کر دیئے جائیں گے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کا فیصلہ دو ماہ میں فرنس آئل کی قیمت میں 32فیصد کمی کے پیش نظر کیا گیا۔

(جاری ہے)

فرنس آئل کی فی ٹن قیمت 86ہزار سے کم ہوکر 58ہزار روپے ہو گئی ہے۔

فرنس آئل کی جگہ بجلی کی پیداوار کیلئے ایل این جی استعمال کی جائے گی۔ مجموعی پیداوار کا 40فیصد بجلی فرنس آئل کے ذریعے بنائی جا رہی ہے۔ فرنس آئل سے پیدا بجلی کی فی یونٹ لاگت 16سے 21روپے تک ہے۔ فرنس آئل سے بننے والی بجلی کی پیداواری لاگت میں 30 فیصد کمی آ چکی ہے۔ایل این جی کے استعمال کے بعد مارچ سے بجلی نرخ مزید کم ہونے کا امکان ہے اورصارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈیڑھ روپے سے ایک روپیہ 80پیسہ تک ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق قطر سے ایل این جی کی درآمد جنوری کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔ 600 ملین کیوبک فٹ میں سے 400ملین کیوبک فٹ ایل این جی بجلی کی پیداوار کیلئے استعمال ہوگی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی نرخوں میں بتدریج کمی لانے کا ٹاسک وزیراعظم نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سونپ دیاہے۔

متعلقہ عنوان :