پی آئی اے نے اندرون و بیرون ملک پروازوں کے کرائے کم کردیئے

جمعہ 5 دسمبر 2014 19:33

پی آئی اے نے اندرون و بیرون ملک پروازوں کے کرائے کم کردیئے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر۔2014ء) قومی ایئرلائن نے تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اندرون و بیرون ملک پروازوں کے کرائے میں کمی کردی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے نے جہاز کے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد اندرون و بیرون ملک پروازوں کے کرایوں میں بھی کمی کردی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں کے کرائے میں 2 سے ڈھائی ہزار روپے تک کمی کی گئی ہے اوربیرون ملک پروازوں میں لندن کے کرایوں میں 10 ہزار روپے تک کی غیر معمولی کمی کی گئی ہے اس کے علاوہ مانچسٹر اور کوپن ہیگن کی بین الاقوامی پروازوں کے کرائے 5 سے 6 ہزار روپے تک کم کیے گئے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی دوپہر اور شام کی پروازوں کے لیے کی گئی ہے جب کہ صبح کے اوقات میں کراچی سے چلنے والی پرائم پروازوں کے کرائے کم نہیں کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے جس کے باعث حکومت نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی کمی کی ہے۔