لاہور ہائیکورٹ : سعودی عرب ،عمان ،قطر سمیت خلیجی ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت،وزارت خارجہ اور اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کو نوٹس جاری، جواب طلب کر لیا

جمعہ 5 دسمبر 2014 20:41

لاہور ہائیکورٹ : سعودی عرب ،عمان ،قطر سمیت خلیجی ممالک کی جیلوں میں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ نے سعودی عرب ۔عمان ،قطر سمیت خلیجی ممالک کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت،وزارت خارجہ اور اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار عا صمہ شفیع، رضیہ بی بی سمیت سات خاندانوں کی وکیل بیرسٹر سارہ بلال ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مختلف جرائم میں ملوث پاکستانی عرب ممالک کی جیلوں میں اپنی سزائیں مکمل ہونے کے باوجود قید ہیں مگر انکی رہائی کے لئے سفارتی سطح پر کوئی کوشش نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی عدم توجہ کی بناء پرخلیجی ممالک کی جیلوں میں بند پاکستانی بے یارومددگار ہیں اور انکی آواز سننے والا کوئی نہیں ہے جبکہ پاکستان میں انکے اہل خانہ بے کسی کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پاکستانیوں کی رہائی کے لئے حکومت پاکستان کو احکامات صادر کئے جائیں۔جس پر عدالت نے وفاقی حکومت ،وفاقی وزارت خارجہ اور اوور سیز پاکستانیز فاونڈیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نو دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔