جاپان سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے والا نظام نصب کررہا ہے‘ پاکستان کو قدرتی آفات سے پیشگی خبردار کرنے والے نظام سے بھی لیس کرسکتے ہیں‘ جاپان جلد پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے توانائی منصوبے کا اعلان کرے گا‘ کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی، جاپان نے 5 ہزار پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں خصوصی تربیت دی ہے

پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا کا سرکاری نشریاتی ادارے کو انٹرویو

ہفتہ 6 دسمبر 2014 14:33

جاپان سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء) پاکستان میں جاپان کے سفیر ہیروشی انوماتا نے کہا ہے کہ ان کا ملک سیکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پاکستان کے تمام بڑے ایئرپورٹس پر دھماکہ خیز مواد کا سراغ لگانے والا نظام نصب کررہا ہے‘ جاپان پاکستان کو قدرتی آفات سے پیشگی خبردار کرنے والے نظام سے بھی لیس کرسکتا ہے‘ جاپان جلد پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے توانائی منصوبے کا اعلان کرے گا‘ کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرلی، جاپان نے 5 ہزار پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں خصوصی تربیت دی ہے، جاپان آئندہ سال سے پاکستان میں موٹرسائیکلوں کی پیداوار شروع کرے گا۔

گزشتہ روز سرکاری نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان توانائی‘ صحت‘ انفراسٹرکچر‘ تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی گنجائش موجود ہے۔

(جاری ہے)

جاپان خیبرپختونخواہ میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کو قدرتی آفات سے متعلقہ پیشگی وارننگ جاری کرنے والے نظام سے بھی لیس کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان اسلام آباد‘ کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس پر کارگو وہیکل سکینرز اور دھماکہ خیز مواد کا پیشگی سراغ لگانے والا نظام نصب کررہا ہے جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں استعداد میں اضافہ ہوگا اور سیکیورٹی چیلنجوں سے بہتر طریقے سے نمٹا جاسکے گا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کی بڑی آٹو موبائل کمپنی اگلے سال مقامی سطح پر اپنے موٹرسائیکلوں کی پیداوار شروع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کے پاس بہتر معیارکی ٹیکسٹائل اور زرعی پیداوار کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی ادارے جائیکا نے گذشتہ 60 سالوں میں 5 ہزار پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں خصوصی تربیت دی ہے۔ توانائی کے شعبے کے حوالے سے جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان نے کوئلے کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل کرلی ہے تاہم ابھی تک کسی خاص منصوبے کا آغاز نہیں کیا گیا۔

جاپان پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے آنے والے دنوں میں توانائی منصوبے کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان پہلے بھی عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے توانائی کے شعبے میں 5 ارب روپے کی معاونت فراہم کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :