Live Updates

فیصل آباد میں تشدد کا راستہ اپنانے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونگے ‘ رانا ثنا اللہ

تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے شٹر ڈاؤن کی کال کو مسترد کردیا،عمران خان فیصل آباد سے صرف ندامت ہی لے کر نکلیں گے‘ سابق وزیر قانون

اتوار 7 دسمبر 2014 13:48

فیصل آباد میں تشدد کا راستہ اپنانے والوں کیخلاف انسداد دہشتگردی کی ..

لاہور/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔7دسمبر 2014ء) سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ کل (پیر)فیصل آباد میں تشدد کا راستہ اپنانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کیخلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،عمران خان کی ” میں نہ مانوں “ کی رٹ نے پوری پاکستان قومی کو اضطراب میں مبتلا کر رکھا ہے ،عمران خان غریب کے منہ سے نوالہ چھیننا چاہتے ہیں ،تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے نے حب الوطنی کا ثبوت دیتے ہوئے انکی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو اور ایک انٹرویو میں سابق وزیر قانون نے کہا کہ عمران خان نے پہلے بھی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور اب غریب کے منہ سے نوالہ چھیننا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کو آج فیصل آباد میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ، تمام تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور دیگر تنظیموں نے عمران خان کی کال کو مسترد کر کے حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملکی ترقی روکنا اور عدم استحکام پیدا کرنے کا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ لوگ جان چکے ہیں کہ عمران خان اپنے وزیراعظم بننے کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ملک کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں، شدید ترین مسائل اور سازشوں کے باوجود ملک خوشحالی کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، جو عمران خان اور ان کے ساتھیوں سے ہضم نہیں ہورہی، وہ جتنی مرضی سازشیں کرلیں پاکستان وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں جلد خوشحالی کی منزل حاصل کرلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی 250 سے زائد تاجر تنظیموں اور دیگر تمام طبقات کی جانب سے شٹر ڈاؤن کی کال کو بری طرح مسترد کئے جانے کے بعد عمران خان کے پاس فیصل آباد کو بند کرانے کی بڑھکیں مارنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا، وہ فیصل آباد سے صرف ندامت ہی لے کر نکلیں گے۔ حکومت 8 دسمبر کو فیصل آباد کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ کسی بھی شخص نے تشدد کا راستہ اپنانے یا املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور ان کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات