پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل کرنے کیلئے صرف 1.5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار، آئندہ چند سال میں9 ارب بیرل خام تیل اور105 کھرب کیوبک فٹ گیس نکالی جاسکتی ہے؛امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ

اتوار 7 دسمبر 2014 19:07

پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل کرنے کیلئے صرف 1.5ارب ڈالر کی ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔7دسمبر۔2014ء) پاکستان میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے 9 ارب بیرل خام تیل اور 105 کھرب کیوبک فٹ گیس نکالی جاسکتی ہے ، جس سے پاکستان آئندہ چند سالوں میں توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہو سکتا ہے۔امریکی جریدے کے مطابق امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کے بارے میں اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں شیل فیول کی شکل میں گیس کے ایک سو پانچ کھرب کیوبک فٹ اور تیل کے نو ارب بیرل کے قریب ذخائر موجود ہیں، اس کے لئے حکومت کو صرف ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پڑے گی،اگر حکومت اس طرف توجہ دیتی ہے تو چند سال میں پاکستان توانائی کی ضرویات میں خود کفیل ہوسکتا ہے۔

عالمی اداروں کے مطابق زیرِ زمین شیل فیول نکالنے کی لاگت پندرہ لاکھ ڈالر کی نچلی ترین سطح تک آچکی ہے، اکنامسٹ کے مطابق شیل فیول کی فی بیرل پیداواری لاگت اب صرف ستاون ڈالر ہے کیونکہ ڈرلنگ کمپنیوں نے جدید اور کم خرچ طریقے دریافت کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

شیل فیول کی پیداوار بڑھنے سے امریکا تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہوچکا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 110 ڈالر سے کم ہوکر70ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آگئی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ چار سال میں امریکا میں بیس ہزار کنویں شیل فیول نکالنے کے لیئے کھودے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :