حارث سہیل نے عمر اکمل اور محمد حفیظ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

منگل 9 دسمبر 2014 14:46

حارث سہیل نے عمر اکمل اور محمد حفیظ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -9 دسمبر 2014ء ) قومی ٹیم کے ابھرتے ہوئے بیٹسمین حارث سہیل نے پہلے ون ڈے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو جیت سے ہمکنار کر وایا بلکہ عمر اکمل اور محمد حفیظ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں جب ٹیم کو عمر اکمل سے ذمہ درانہ بیٹنگ کی توقع تھی تو وہ انتہائی غیر ذمہ درانہ شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوکر ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ گئے ۔

عمر اکمل کی مسلسل غیر یقینی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے سلیکٹرز نے حارث سہیل کو عمر اکمل پر ترجیح دی جب کہ انہیں محمد حفیظ کی جگہ باؤلنگ بھی کروائی گئی ۔ لیفٹ آرم نے سپنر نے اپنی ذمہ داری بطریق احسن نبھاتے ہوئے 10اوورز میں محض 39رنز دیئے جس کے بعد انہوں نے منجھے ہوئے بلے باز کی طرح انتہائی ذمہ درانہ بیٹنگ کی ۔

(جاری ہے)

چھوٹے ہدف کے تعاقب میں جب بڑے بڑے بلے باز ڈھیر ہوئے تو حارث سہیل کریز پر ٹک گئے اور آہستہ آہستہ ٹیم کو جیت کی جانب لے جانے لگے ، ان کا ساتھ شاہد آفریدی نے دیا اور دونوں نے 7ویں وکٹ کی شراکت میں 110رنز بنا کر ٹیم کو جیت کے قریب لا کھڑا کیا ۔

آفریدی جیت سے چند رنز دور 61رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے تاہم حارث سہیل نے ناقابل شکست 85رنز بنا کر پاکستان کی یقینی ہار کو جیت میں بدل دیا ۔