بلاول اور زرداری میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

منگل 9 دسمبر 2014 15:02

بلاول اور زرداری میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9دسمبر 2014ء) آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ اختلافات کی بنیادی وجہ مظفر ٹپی اور فریال تالپور کی پارٹی امور میں مداخلت نکلی باقی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی بلاول بھٹو کی ناپسندیدہ شخصیات ہیں جبکہ آصف علی زرداری نے آئندہ بلاول بھٹو کو پارٹی امور سے دور رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو پارٹی کو بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کے مطابق چلانا اور ان کے ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور پارٹی کا فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر دور کرنا بھی ان کی ترجیح ہے جبکہ اس کے مقابلے میں آصف علی زرداری اب بھی مفاہمتی سیاست کرنا چاہتے ہیں ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو متعدد رہنماﺅں کی کرپشن کی وجہ سے بھی نالاں دکھائی دیتے ہیں اس تمام صورتحال کے بعد بلاول بھٹو نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو شہید کے پرانے ساتھیوں کو ساتھ ملانے کیلئے بہت جلد اس حوالے سے باقاعدہ رابطوں کا سلسلہ شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو ان کے قریبی ساتھیوں نے الگ گروپ تشکیل دینے کا بھی مشورہ دیا ہے اس سلسلے میں بلاول بھٹو کو اپنی بہن بختاور اور آصفہ کے علاوہ بے نظیر بھٹو شہید کی بہن اور بلاول بھٹو کی خالہ صنم بھٹو کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔ آن لائن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو احتیاط سے کام لینے اور سیاست سے کچھ عرصے کا وقفہ لینے کے مشورہ دیا گیا ہے۔ یہ مشورہ انہیں کسی اور نے نہیں بلکہ ان کے والد آصف علی زرداری نے دیا ہے۔