کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے مخالفین کو شکست دیدی،

بھارت میں ہونیوالے مقابلوں میں مردوں کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈنمارک کو 69-24اور خواتین کی ٹیم نے میکسیکو کو 45-20سے ہرا دیا

منگل 9 دسمبر 2014 21:12

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، مردوں اور خواتین کی ٹیموں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء ) پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ2014ء میں فاتحانہ آغاز کردیا ہے، مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے اپنے پہلے میچز میں مخالف ٹیموں کو چت کردیا، مردوں کی ٹیم نے ڈنمارک کو 69-24اور خواتین کی ٹیم نے میکسیکو کو 45-20سے شکست دیدی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کامیابی پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو ٹیلی فون پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی جیت کا سلسلہ جاری رکھیں اور فائنل تک ٹیمیں اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح یاب کریں، انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق پانچویں کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی مردوں اور خواتین کی ٹیموں نے شاندار کھیل کر مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے میچز میں بھارت کے شہر روپ نگر میں فتح کے جھنڈے گاڑ دیئے،مردوں کے میچ میں پاکستان کی طرف سے اکمل شہزاد ڈوگر، محمد خان، محمد رمضان جانی سنیارا اور رحمان اشتیاق کا کھیل انتہائی نمایاں رہا، کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا، پاکستان نے پہلے کوارٹر میں 20-3سے سبقت حاصل کی یہ سلسلہ دوسرے کوارٹر میں بھی برقرار رہا جس میں سکور37-9رہا، تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے 53-17کے سکور سے میچ میں اپنی پوزیشن انتہائی مستحکم کرلی اور آخری کوارٹر میں 69-24سے ڈنمارک کیخلاف کامیابی حاصل کرلی۔

(جاری ہے)

پاکستانی کھلاڑیوں کے شاندار کھیل پر شائقین نے انہیں بھرپور داد دی۔دوسری طرف خواتین کی ٹیم نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45-20 سے میکسیکو کیخلاف کامیابی حاصل کی، کپتان مدیحہ لطیف، سائرہ بانو اور نیلم ریاض نے بہترین کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کیلئے انتہائی اہم پوائنٹس حاصل کئے، نہرو سٹیڈیم میں ہونیوالے میچز میں سٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے مردوں اور خواتین کی کبڈی ٹیموں کے فاتحانہ آغاز پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے ٹیلی فون پر مبارکباد دی ، شفیق چشتی اور مدیحہ لطیف سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے کبڈی ورلڈ کپ میں جس طرح فتح حاصل کرکے بہترین آغاز کیا ہے فتوحات کا یہ سلسلہ فائنل تک جاری رکھا جائے، پہلے میچز میں دونوں ٹیموں کے تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو فتح دلائی اس پر تمام کھلاڑی خراج تحسین اور مبارکباد کے مستحق ہیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے شفیق چشتی، اکمل شہزاد، محمد خان، محمد رمضان جانی سنیارا، مدیحہ لطیف، سائرہ بانو اور نیلم ریاض کے کھیل کی خاص طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ٹیموں کو کامیابی حاصل کی، انہوں نے پوری ٹیم کو ہدایت کی وہ بھرپور جذبہ حب الوطنی کے تحت میچوں میں حصہ لیں اور پاکستان کے سر پر ورلڈ کپ کا تاج سجا دیں۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مردوں کی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے کہا کہ ہم نے ایران کی ٹیم کا میچ بھی دیکھا ہے، ایران کی ٹیم ایک مضبوط ٹیم ہے اس سے ہمارا مقابلہ اچھا رہے گا، ریڈر اکمل شہزاد ڈوگر نے کہا کہ ہماری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، کبڈی ورلڈ کپ میں دیگر ٹیموں کو بھی شکست دیں گے۔خواتین کی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کے شکرگزار ہیں جنہوں نے خواتین کو اتنی سہولتیں فراہم کیں کہ جس کی وجہ سے آج ہم کبڈی ورلڈکپ کھیل رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ہم فائنل نہیں کھیل سکے تھے مگر اس بار ہم فائنل کھیلیں گے اور جیتیں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم پوری فارم میں ہے، میکسیکو کو شکست دی ہے باقی ٹیموں کو بھی شکست دیں گے۔

متعلقہ عنوان :