صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرپشن کے ناسور کے خاتمہ کیلئے بااختیار احتساب کمیشن قائم کیا گیا ہے،مشتاق احمد غنی،

کمیشن عام آدمی سے لے کر بڑے عہدوں پر فائز اعلیٰ شخصیات کے خلاف بھی تحقیقات کر سکتا ہے،صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 9 دسمبر 2014 23:09

صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرپشن کے ناسور کے خاتمہ کیلئے بااختیار ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 09 دسمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرپشن کے ناسور کے خاتمہ کیلئے بااختیار احتساب کمیشن قائم کیا ہے جو عام آدمی سے لے کر بڑے عہدوں پر فائز اعلیٰ شخصیات کے خلاف بھی تحقیقات کر سکتا ہے، بد عنوانی بہتر پالیسی سازی اور عمدہ طرز حکمرانی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے جس کے خلاف ہم سب کو متحد ہو کر جنگ لڑنا ہو گی۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز محکمہ انسداد بدعنوانی کے زیر اہتمام انسداد کرپشن کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی سب سے پہلے کرپشن کے خاتمہ کا عزم کیا اور کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے کم مدت میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے جس میں احتساب کمیشن کا قیام صوبے کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں انصاف کی حکومت قائم ہے جہاں ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ہر کام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ہر ایک کو اس کا جائز حق مل سکے ، جس تبدیلی کا نعرہ پارٹی قائد عمران خان نے لگایا ہے وہ یہاں عقل و دانش رکھنے والے افراد کو واضح محسوس ہو رہی ہے۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ بد عنوانی کے خاتمے میں مزید تاخیر خود ہمارے اور ہماری آئندہ نسلوں کیلئے تباہ کن ثابت ہو گی اس لئے ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہو گی اور اس برائی کی بیخ کنی کے لئے مشترکہ جدوجہد و اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ صوبے کو حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں انہوں نے بد عنوانی کے خاتمے کیلئے قومی احتساب بیورو اور محکمہ اینٹی کرپشن کی مربوط کوششوں کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کو روکنے کے لئے حکومت نے محکمہ انسداد بد عنوانی کو مضبوط کیا ہے جس کے نتیجے میں کئی اہم کیسز پر فیصلے ہوئے ہیں اور گنہگاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے عوام میں شعور اجاگر کیا ہے اور آج وہ اپنے حق کے لئے لڑ رہے ہیں۔

شریف برادران تو مکمل عوام دشمنی پر اتر آئے ہیں لیکن قوم اب کسی دھوکہ میں نہیں آئے گی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے پیشہ ورانہ فرائض کی بہترین ادائیگی کرنے والے آفیسرز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ تقریب میں صوبائی وزراء،محکمانہ انتظامی سربراہان، قومی احتساب بیورو کے سربراہ، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا سمیت مختلف محکموں کے آفیسرز اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔(

متعلقہ عنوان :