ایڈیلیڈ ٹیسٹ، مچل جونسن کے باؤنسر نے کوہلی کو ’’ہلا ‘‘کر رکھ دیا

جمعرات 11 دسمبر 2014 14:51

ایڈیلیڈ ٹیسٹ، مچل جونسن کے باؤنسر نے کوہلی کو ’’ہلا ‘‘کر رکھ دیا

ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -11 دسمبر 2014ء ) بھارت اور آسٹریلیا کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل جونسن کی جانب سے بھارتی کپتا ن ویرات کوہلی کو کیے گئے ایک باؤنسر نے گراؤنڈ پر موجود سب لوگوں کو تشویش زدہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے تیسرے روز کھانے کے وقفے سے کچھ دیر پہلے اوپنر مرلی وجے کے آؤٹ ہونے کے بعد جب کوہلی بیٹنگ کرنے کے لیے آئے تو فاسٹ باؤلر مچل جونسن نے ان کا استقبال تیز رفتار باؤنسر سے کیا ۔

(جاری ہے)

کوہلی نے باؤنسر سے بچنے کے لیے سر جھکانے کی کوشش کی تاہم باؤنسر ان کے ہیلمٹ کی گرل پر لگا جس نے گراؤنڈ پر موجود آسٹریلین کھلاڑیوں اور امپائرز کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ کوہلی کو باؤنسر لگنے کے فوری بعد بریڈ ہیڈن ، شین واٹسن ، نیتھن لائن اور ڈیوڈ وارنر جو فلپ ہیوگز کو باؤنسر لگنے کے موقع پر بھی گراؤنڈ پر موجود تھے ،نے فوری طور پر ان کے پاس جاکر ان کی خیریت دریافت کی جبکہ مچل جونسن بھی اس موقع پر تشویش میں مبتلا نظر آئے اور کپتان مائیکل کلارک نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں تسلی دی ۔ کوہلی ننے ہیلمٹ اتار کر اس کا جائزہ لینے کے بعد امپائرز کو اپنے ٹھیک ہونے کا اشارہ دیا جس کے بعد سب کی جان میں جا ن آئی ۔