عوام ملک میں چارماہ سے جاری بحران کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں ، سراج الحق،

جماعت اسلامی اس ملک کے غریب اور مظلوم لوگوں کی آواز بنے گی ۔ 25 دسمبر کو کراچی میں پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنانے کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا ، دیر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے استقبالیہ پروگرام سے خطاب

جمعرات 11 دسمبر 2014 21:03

عوام ملک میں چارماہ سے جاری بحران کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں ، سراج الحق،

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام ملک میں چارماہ سے جاری بحران کا جلد خاتمہ چاہتے ہیں ۔ جماعت اسلامی اس ملک کے غریب اور مظلوم لوگوں کی آواز بنے گی ۔ 25 دسمبر کو کراچی میں پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنانے کی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے گا ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ایک بڑے استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سرا ج الحق نے کہا کہ موجودہ بدامنی اور غیر یقینی صورتحال کا جتنی جلد ممکن ہو خاتمہ ہونا چاہئے ،حکومت اور پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بحالی اور کمیٹیوں کا قیام انتہائی مثبت پیشرفت ہے ،دونوں فریقوں کو موقعہ کو غنیمت جانتے ہوئے تمام خدشات اور تحفظات کو پس پشت ڈال کرمذاکرات کی میز پر بیٹھ جانا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ بہت سی قوتیں مذاکرات کو سبوتاژ اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی تاک میں ہیں ،مذاکراتی عمل جتنا پر اعتماد اور شفاف ہوگا اتنا ہی اس کی کامیابی کے امکانات بڑھیں گے ،انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی طرف سے مثبت رویوں سے قوم کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات سے جمہوری عمل مستحکم ہوگا۔سراج الحق نے کہاکہ آئی ڈی پیز کو جلد از جلد ان کے گھروں میں واپس پہنچانے کا انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں بچے پچھلے آٹھ ماہ سے تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں ۔