Live Updates

تحریک انصاف نے کراچی بند کرانا شروع کر دیا، معمولات زندگی متاثر، پولیس کا لاٹھی چارج

جمعہ 12 دسمبر 2014 10:54

تحریک انصاف نے کراچی بند کرانا شروع کر دیا، معمولات زندگی متاثر، پولیس ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے کراچی بند کرانا شروع کر دیا ، شاہراہ فیصل پر مختلف مقامات پر احتجاج کیا جا رہا ہے ، سٹار گیٹ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ، نرسری کے مقام پرپولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ پولیس نے نرسری اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلوا دی ، شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں ، پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے ، متبادل ٹریفک پلان بھی بنا دیا گیا ۔

تحریک انصاف اپنے پلان کے مطابق آج کراچی میں مختلف مقامات پر احتجاج کر رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے 3 تلوار کے مقام پر رات سے ہی دھرنا دے رکھا ہے ۔ قائد آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے سڑک روکنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کارکنوں کو منتشر کر دیا ۔

(جاری ہے)

کارکنوں نے علی الصبح شاہراہ فیصل پر نرسری کے علاقے میں احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی ۔

ریپڈ ریسپانس فورس نے لاٹھی چارج کر کے سڑک ٹریفک کے لیے کھلوا دی ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ کے علاقے میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ، راشد منہاس روڈ پر بھی ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی گئی ، پولیس اہلکاروں نے آگ بجھا کر ٹریفک بحال کرا دی ۔ نمائش چورنگی پر بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ۔

تحریک انصاف کی جانب سے صبح سے ہی مختلف مقامات پر احتجاج کر رہی ہے ۔ عمران خان جمعے کی دوپہر کراچی پہنچیں گے جس کے بعد وہ دھرنوں کے شرکاء سے خطاب کریں گے ۔ تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر سیکورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔ پولیس کے سولہ ہزار اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے جبکہ ٹریفک کی بحالی کے لیے پانچ سو اہلکاروں کی نفری تعینات ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات