وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان

جمعہ 12 دسمبر 2014 14:13

وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے بجلی کی قیمت میں دو روپے بتیس پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا ، کہتے ہیں قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہونے کے ساتھ برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پشاور سے عوام کو بجلی سستی کرنے کی خوشخبری دے رہا ہوں ۔

دن رات ایک کر کے پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔بجلی بحران حل کرنے کے لیے کوئی مدت نہیں دی، ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے دور حکومت میں بجلی بحران کو ختم کر دیں اور اس کی قیمتوں کو بھی نیچے لے کر آئیں۔ انھوں نے کہا کہ چین کی طرف سے کوئلے کے پاور پلانٹس میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس میں کوئی قرض شامل نہیں ہے اگر دھرنے نہ ہوتے تو اب تک یہ منصوبے باقاعدہ شروع ہو جاتے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ واپڈا کے محکمے میں بے پناہ کرپشن ہے، بجلی چوری جیسے مسائل بھی ہمارے سامنے ہیں جن کو درست کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بھی ٹھیک کرنا ہے جس میں زائد بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت نہیں ۔ ٹرانسمشن لائنوں کو ٹھیک کرنے کیلئے اربوں ڈالر کی ضرورت ہے۔ 1999ء میں میرے دور حکومت میں ملک میں اتنی بجلی تھی کہ بھارت ہم سے بجلی خریدنا چاہتا تھا۔

بجلی سستی ہوگی تو مہنگائی میں کمی آئے گی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی لاہور موٹروے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا ۔ مجھ سے دھرنے کی نہیں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بات کریں۔ موٹروے کی بات کریں، بجلی کی منصوبوں ، ڈالر کی قیمت، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی بات کریں۔پردے کے پیچھے بہت سے کام کر رہے ہیں، ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے ۔ آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :