حق نواز کیس، قرآن کے سائے میں تھانے پیش ہوں گا، عابد شیر

جمعہ 12 دسمبر 2014 16:35

حق نواز کیس، قرآن کے سائے میں تھانے پیش ہوں گا، عابد شیر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11دسمبر 2014ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے حق نواز قتل کیس میں شامل تفتیش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قرآن پاک کے سائے میں تھانہ سمن آباد میں پیش ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پرامن احتجاج کا جھوٹا وعدہ کیااوران کی شروع سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں خانہ جنگی انارکی اور فتنہ و فساد پھیلایا جائے تاکہ کسی طرح جمہوریت کو ڈی ریل کیا جاسکے لیکن مسلم لیگ ن نے برداشت کی حکمت عملی اور مذاکرات کے اعلان کرکے دھرنا سیاست کے عزائن کو بے نقاب کیا۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف کا ڈی چوک پر دھرنا دے کر قانون کی دھجیاں بکھیرنا، عمران خان کا غیر شائستہ لب و لہجے کا استعمال، پارلیمنٹ ہاﺅس کے لان اور پی ٹی وی مرکز پر قبضہ، اعلیٰ پولیس حکام کو دھمکیاں، اپنے ٹائیگر کو ایوان وزیراعظم پر یلغار کی شہ دلانا ریکارڈ پر موجود ہے، مقابلے کی دھمکیاں دے کر مارکیٹیں بند کروانے والے مظلومیت کا لبادہ نہیں اوڑھ سکتے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا تحریک انصاف کے عہدیدار اور کارکن ٹائر جلانے یا لاٹھیاں لے کر دکانوں کو بند کروانے کے سلسلے میں جو کچھ کررہے تھے اس کے نتیجے میں عوام ان سے مزید بددل ہوگئے ہیں۔