شاہ محمود قریشی اور پرویز رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ

جمعہ 12 دسمبر 2014 19:08

شاہ محمود قریشی اور پرویز رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درمیان نجی ٹی وی پر فون کے ذریعے دلچسپ مکالمہ ہوا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم پر امن احتجاج کرتے ہیں اور حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ لاہور میں ہونے والے احتجاج میں رانا ثناءاللہ اور عابد شیر علی کو مت لایئے گا تاکہ احتجاج پر امن ہو سکے۔

اس کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ آپ شیخ رشید کو لاہور مت لایئے گا تاکہ احتجاج پر امن ہی رہے۔شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ شکر ہے غلطی سے ہی سہی لیکن پرویز رشید کے منہ سے سچ نکل ہی گیا۔پنجاب میں بجلی کی بندش کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت نے جان بوجھ کر ان کے کراچی احتجاج کے باعث بجلی بندکی۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت بجلی بند ہوئی اس وقت وزیر اعظم نواز شریف پریس کانفرنس کر رہے تھے۔

بجلی پنجاب نے نہیں نیشنل گرڈ سٹیشن سے بند ہوئی۔پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بند نہیں کی گئی ، اللہ شاہ محمود قریشی کو بھی سچ بولنے کی توفیق دے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گرڈ سٹیشن کا سسٹم ناکارہ ہو چکا ہے جس کی مرمت اور تبدیلی کی جا رہی ہے۔شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ جنہوں نے بجلی کی بندش کے حوالے سے کوتاہی کا مظاہرہ کیا کیا ان کے خلاف کاروائی ہو گی؟جس کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ بجلی جان بوجھ کر بند نہیں کی گئی۔آج صبح بجلی ٹرپ ہوئی تھی جس کے بعد فوراً بحال کر دی گئی۔