Live Updates

تحریک انصاف نے لاہور کو بند کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی

اتوار 14 دسمبر 2014 20:58

تحریک انصاف نے لاہور کو بند کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14دسمبر۔2014ء) تحریک انصاف کل لاہور میں پلان سی آزمائے گی، شہر کو بند کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ انتظامیہ بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کُھلیں گے۔ میٹرو بس سروس بھی بحال رہے گی۔ پنجاب یونیورسٹی کے سمسٹر امتحانات ملتوی کر دیئے گئے۔فیصل آباد اور کراچی کے بعد تحریک انصاف نے لاہور بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

پی ٹی آئی شہر میں اٹھارہ مقامات پر دھرنے دے گی۔ عمران خان مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کے دیگر مرکزی قائدین بھی لاہور میں ہونگے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کہتے ہیں کہ شہر میں جلاؤ گھیراؤ نہیں ہوگا۔ ایمبولیسنز، ججز، ڈاکٹرز اور میڈیا کو راستہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب انتظامیہ بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

شہر میں سرکاری تعلیمی ادارے کُھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہیڈ ماسٹرز اور عملے کو صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک سکولوں میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میٹرو بس سروس بحال رہے گی۔ پنجاب یونیورسٹی کے سمسٹر سسٹم کے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ کئی نجی سکولوں نے بھی طلباء کی مشکلات کے پیش نظر پیر کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی پیر کے بجائے منگل کو ہوگا تاہم پنجاب سول سیکرٹریٹ ملازمین کو صبح سات بجے دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر شہر کے ہسپتالوں میں بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پولیس بھی الرٹ رہے گی۔ تاجروں کے ایک دھڑے نے حفاظتی اقدامات کے تحت کاروبار بند رکھنے کی اپیل بھی کی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات