پلان ” سی “ کامیاب کرانے پر رانا ثنا اللہ کے شکر گزار ہیں‘ شیخ رشید

پیر 15 دسمبر 2014 14:06

پلان ” سی “ کامیاب کرانے پر رانا ثنا اللہ کے شکر گزار ہیں‘ شیخ رشید

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔15دسمبر 2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لاہور نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ، یقین سے کہتا ہوں اگر جوڈیشل کمیشن بن گیا تو اگلا سال الیکشن کا سال ہے ،(ن) لیگ کی چار شخصیات خصوصاً رانا ثنا اللہ خان نے عمران خان کے پلان ” سی “ پر کام کیا تاہم رانا ثنا اللہ کے خصوصی شکر گزار ہیں ،اگر وہ لاہور آ جاتے تو حکومت کا کام جلدی ہو جاتا۔

اولڈ ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کامیاب ہڑتال سے ثابت ہو گیا کہ لاہور لیلن گراؤنڈ ہے ، (ن) لیگ کو سول انتظامیہ اور پولیس کے استعمال کے باوجود شکست ہوئی ہے اور وہ زبردستی دکانیں اور سکول کھلوانے میں ناکام رہے ،پنجاب سیکرٹریٹ خالی رہا ،میٹروس بس سروس کو زبردستی چلانے کی کوشش میں بھی حکومت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔

(جاری ہے)

لاہور نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق ، عابد شیر علی ، پرویز رشید اور رانا ثنا اللہ خان عمران خان کے پلان ” سی “ پر کام کر رہے ہیں خصوصاً رانا ثنا اللہ خان نے عمران خان کی بڑی مدد کی جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ لاہور آجاتے تو حکومت کا کام جلدی ہو جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید ناشتے اور حلوہ پوری کی بات کر رہے ہیں ۔ ہم نے کرفیو کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ ہڑتال کی کال دی تھی۔