شاہ محمود کے جنوبی پنجاب کے اہم سیاسی خاندانوں سے رابطے

پیر 15 دسمبر 2014 16:28

شاہ محمود کے جنوبی پنجاب کے اہم سیاسی خاندانوں سے رابطے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر 2014ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب کے اہم سیاسی خاندانوں سے رابطے کرکے انہیں تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے آمادہ کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان نے جنوبی پنجاب سے اہم شخصیات کی پارٹی میں شمولیت کا ٹاسک شاہ محمودقریشی اور جہانگیر ترین کو دیدیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے بیان جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جو پیپلزپارٹی میں رہنا چاہتا ہے رہے جو امپائر کی انگلی کا انتظار کرنے والوں کا ساتھ دینا چاہتا ہے بے شک چلا جائے پرپیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے رہنماﺅں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے بھی ناراض خاندانوں اور رہنماﺅں سے رابطے کئے ہیں تاکہ انہیں تحریک انصاف میں جانے سے روکا جاسکے ، شاہ محمود قریشی نے چند روز قبل سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے والد ملک غلام محمد نور ربانی کھر، سابق ایم این اے خواجہ شیراز محمود سمیت پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے جنوبی پنجاب کے متعدد اہم سیاستدانوں سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں، دوسرے مرحلے میں غلام محمد نور ربانی کھر اور سابق ایم این اے خواجہ شیراز محمود کے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے بلکہ جلد ہی ان کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :