300 چینی شہریوں کا دولت اسلامیہ میں شمولیت کا انکشاف

پیر 15 دسمبر 2014 19:16

300 چینی شہریوں کا دولت اسلامیہ میں شمولیت کا انکشاف

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15دسمبر۔2014ء) چین کے ایک ریاستی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ تین سو کے قریب چینی شہری عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے ساتھ لڑنے میں مصروف ہیں۔چین اس سے پہلے بھی مشرق وسطیٰ میں دولت اسلامیہ کے ابھرنے پر تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ اس کے اثرات صوبے سنکیانگ پر مرتب ہوسکتے ہیں تاہم چینی حکومت نے اس انتہا پسند گروپ کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے جاری امریکی کوششوں میں شمولیت میں بھی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

چین کے اخبار پیپلز ڈیلی کے جریدے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کے اراکین ترکی کے راستے شامل جاکر دولت اسلامیہ میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات سے واضح ہوتا ہے کہ تین سو کے لگ بھگ چینی شہری عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کی صفوں میں شامل ہیں۔چینی حکام ای ٹی آئی ایم کو سنکیانگ میں امن و امان کی ابتر صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔دوسری جانب انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اس صوبے کی اکثریتی مسلم آبادی کا اقتصادی استحصال اور ثقافتی و مذہبی پابندیاں تشدد کا سبب بنتی ہیں۔