پشاور کے سکول پر حملہ پاکستان کے بچوں پر حملہ ہے ‘بھرپور جواب دیا جائے گا ‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید

منگل 16 دسمبر 2014 15:51

پشاور کے سکول پر حملہ پاکستان کے بچوں پر حملہ ہے ‘بھرپور جواب دیا جائے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویزرشید نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول پر حملہ پاکستان کے بچوں پر حملہ ہے جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے کہاکہ دہشتگردی کو کسی ایک واقعے سے جوڑنا یا کسی خاص خطے سے منسلک کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ دہشتگردوں کے چند گروہ پوری دنیا کو غیر محفوظ بنا کر اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں اور پوری دنیا ان کے خلاف مل کر لڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہاکہ پشاور میں اسکول پر حملہ کسی ایک صوبے کا معاملہ نہیں، یہ کارروائی پورے ملک کے خلاف ہے اگر دہشتگرد یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی اس طرح کی کارروائی سے ہمارے ارادے پست ہوجائیں تو یہ ان کی خام خیالی ہے ‘پاکستانی قوم نے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے اس طرح کے حملوں سے ہمارا عزم کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ملک میں دہشتگردی کا جو بازار گرم کررکھا ہے اس کے ردعمل میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور مزید شدت سے جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ دہشتگرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کومتزلزل نہیں کرسکتے۔