سانحہ پشاور ، پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار کا کل مکمل ہڑتال ، یوم سوگ کا اعلان

منگل 16 دسمبر 2014 16:59

سانحہ پشاور ، پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ ..

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل بدھ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ، عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائیگا، عبوری ضمانتوں کے مقدمات میں صرف سائلین پیش ہونگے ۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین برہان معظم ملک نے پشاور کے کینٹ ایریا میں وارسک روڈ پر واقع پبلک سکول میں دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں خاتون ‘ مرد ٹیچر اور بچوں سمیت 100سے زائد افراد کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں برہان معظم ملک نے کہا کہ بچوں کو شہید کر کے دہشت گردوں نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ، دہشت گردوں کیخلاف تمام فورسزکے یکجا ہونے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کل بدھ کو مکمل ہڑتال ہو گئی وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے ۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مجرموں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعہ سزا دی جائے ۔

پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین چوہدری طاہر نصر اللہ نے بھی سانحہ پشاور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آج یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان ، نائب صدر عامر جلیل صدیقی ،سیکرٹری میاں محمد احمد چھچھراور فنانس سیکرٹری میاں محمد اقبال نے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ بچوں کو وحشیانہ طریقے سے شہید کیا گیا جسمیں آمدہ اطلاع کے مطابق اب تک 104بجے شہید ہو چکے ہیں اور لا تعداد زخمی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرب غصب کے نتیجہ میں دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے لیکن وطن دشمن اور اسلام مخالف قوتوں کی سرکوبی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے مزید سر گرم اور مستعد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہید بچوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سانحہ آرمی پبلک سکول ، پشاور کے سوگ میں کل بدھ کو عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کرے گی اور ارجنٹ مقدمات میں بھی وکلا پیش نہ ہوں گے۔ عبوری ضمانتوں کے مقدمات میں صرف سائلین پیش ہوں گے۔