Live Updates

سانحہ پشاور پاکستان کی ناکامی، وقت آ گیاکہ ساری قوم ایک ہو جائے: عمران خان

منگل 16 دسمبر 2014 18:48

سانحہ پشاور پاکستان کی ناکامی، وقت آ گیاکہ ساری قوم ایک ہو جائے: عمران ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سکول پر حملہ ہم سب کی ناکامی ہے، پورے پاکستان کی ناکامی ہے، ہمیں چاہئے کہ دہشتگردی کے خلاف سب مل کر سوچیں ، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت دونوں اس معاملے پر مل کر کام کریں، ہماری پارٹی بھی اس میں ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کئی ایسے واقعات ہوتے ہیں کہ جن کے بعد پوری قوم اکٹھی ہو جایا کرتی ہے، اب وہی وقت ہے کہ ساری قوم ایک ہو جائے۔

انہوں نے شدت پسند عناصر کو للکارتے ہوئے کہا کہ اگر اس قوم سے دشمنی ہے تو دہشت گرد ہمارے مردوں سے لڑیں، ہمارے بچوں پر کیوں حملے کرتے ہیں؟دنیا میں کہیں اس طرح منصوبہ بندی کر کے بچوں کے سکول پر حملہ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ کل کنٹینر پر بچوں کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھیں گے، تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ کل ہمارے ساتھ شریک ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غم کا موقع ہے ایسے وقت میں سیاست نہیں کی جانی چاہئے، حکومت سے ساتھ مذاکرات اور اپنا احتجاج ملتوی کر دیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب میاں نواز شریف ہسپتال میں میری عیادت کرنے آ ئے تھے تو میں نے ان سے تب ہی کہہ دیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم آ پ کے ساتھ ہیں اور آ ج بھی اس بات پر قائم ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :