Live Updates

عمران خان نے تحریک انصا ف کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا

بدھ 17 دسمبر 2014 20:04

عمران خان نے تحریک انصا ف کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17دسمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد ھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ، اسلام آباد کے آزادی چوک میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک ایسی کارروائی نہیں دیکھی، امریکہ میں سنا تھا کہ کوئی پاگل ہو جاتا ہے اور سکولوں میں فائرنگ کر دیتا ہے لیکن وہ پاگل ہوتے ہیں ، لیکن منصوبہ بندی کے تحت ایسا کام کرنا ظلم کی انتہا ہے ، جب نواز شریف نے مجھے دعوت دی تو میں نے پہلے سوچا کہ جو مجھ پر 4مہینے میں بیتی ہے میں وہاں نہ جاوٴں، ہمارے لوگوں کو پکڑا گیا ، زخمی کیا گیا ، آنسو گیس کی گئی ، جہلم ، فیصل آباد میں ہم پر ظلم کیا گیا ، احتجاج ہمارا حق تھا ، مجھے غصہ بہت تھا ، لیکن پھر میں نے سوچا کہ ابھی میرے ملک کی کیا آواز ہے ، میرا ملک کیا چاہتا ہے اور وہ یہ تھا کہ ملک اکٹھا ہو اور ہم مل کر ان لوگوں کا مقابلہ کریں، اس لئے میں آج گیا ، میں نے نواز شریف کو کہا کہا کہ میں جو ممکن ہو مدد کیلئے تیار ہوں ، ایک کمیٹی تیار کی ہے جس میں ہماری بھی شمولیت ہے یہ 7دن میں پلان تیار کرے گی کہ اب یہ جنگ کیسے لڑی جائے گی ، یہ کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اب جنگ کیسے لڑنی ہے ، ہم اپنا حصہ ڈالیں ، لیکن میں تمام پاکستانیوں کو یاد کروانا چاہتاہوں کہ ہم نے 4مہینے یہاں کیوں گزارے ، اس کی وجہ ہے کہ ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ 2013کے الیکشن کی دھاندلی میں انصاف حاصل کرنے کی ، ہم ریٹرننگ آفیسرز کے پاس گئے ، الیکشن کمیشن کے پاس گئے ، الیکشن ٹریبونلز کے پاس گئے ، سپریم کورٹ گئے ، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے سامنے کیس پیش کیا ، انہیں کہا کہ 4حلقے کھول دیں ، انہوں نے نہیں سنا، پارلیمنٹ میں پہلی بات یہ ہی کی کہ 4حلقے کھول دو، جو مرضی انتخابی اصلاحات کر لیں ایسا ہی ہوتا رہے گا ، ایک سال انتظار کیا ، 11مئی2014کو ہم نے پہلا جلسہ کیا، 3مزید جلسے کئے ، لیکن ہماری آواز پھر بھی نہ سُنی گئی، 14کو لاہور سے دھرنے کیلئے نکلے، آج4مہینے ہو گئے ہیں ، دھرنے سے پہلے ہم نے کہا تھا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں اور جب تک تحقیقات شروع ہونی تھی نواز شریف استعفیٰ دیں، ہم اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئے ، ہم نے شہروں کو بند کرنا شروع کیا ، اللہ کا شکر ہے کہ ہم اس قابل ہو گئے ہیں کہ جب چاہیں شہر بند کر سکتے ہیں ، میرے18سال کی سیاست ایک طرف اور 4مہینے کی سیاست ایک طرف ہے، میں آج کور کمانڈر کی باتیں سنیں ، انہوں نے ہمیں تمام حالات سے آگاہ کیا ، دہشتگردی میں کون ملوث ہے ، بارڈر سے باہر سے بھی لوگ ملوث ہیں ، میں نے اس موقع پر اپنے رہنماوٴں سے مشورہ کیا اور اس موقع پر ہمیں یہی چاہئے کہ ہم اکٹھے ہوں ، میں اس نتیجے پر آیا ہوں کہ جو پاکستان کے حالات ہیں مجھے دھرنا ختم کرنا پڑے گا ، مجھے خدشہ ہے کہ جو میں نے حکومت کو جوڈیشل کمیشن کا کہا ہے وہ طے پا چکا ہے ، جو قوم مجھ سے اُمید رکھتی تھی کہ ہم اکٹھے ہوں تو میں قوم کے ساتھ کھڑا ہوں میں اپوزیشن نہیں کروں گا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :