پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت ‘ امریکہ اور افغانستان ملوث ہیں‘ حافظ محمد سعید،

پاکستان ان تینوں ممالک کے ساتھ کھل کر بات کرے ‘ مودی کرزئی اور فضل الله ایک سازش کا حصہ ہیں ،سانحہ شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے بات چیت

بدھ 17 دسمبر 2014 23:17

پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت ‘ امریکہ اور افغانستان ..

ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر 2014ء) جماعت الدعوة کے مرکزی امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت امریکہ اور افغانستان ملوث ہیں‘ پاکستان ان تینوں ممالک کے ساتھ کھل کر بات کرے ‘ مودی کرزئی اور فضل الله ایک سازش کا حصہ ہیں یہ بات انہوں نے ملتان میں بدھ کی سہ پہر شہید عید گاہ میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت قوم کے اتحاد کا وقت ہے ‘ حکمران اے پی سی کا دائرہ بڑھائیں انہوں نے کہا کہ انڈیا افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں تخریب کاری کررہا ہے اور امریکہ اور افغانستان اس کی پشت پناہی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج آرمی چیف جنرل راحیل شریف افغانستان گئے ہیں امید ہے کھل کر بات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارتی ایجنسی راء کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں ۔

راء کے ایجنٹ وہ افغانستان میں موجود بھارت کے بائیس قونصلیٹ ہیں جو قندھار سے لوغر تک ہیں وہاں سے پاکستان میں دہشت گردی ہورہی ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے بعد دہشت گردی وہیں جا کر پناہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی بقاء کا مسئلہ ہے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دینے کا فیصلہ ایک احسن اقدام ہے ۔

دہشت گردوں کو فوری سزائے موت دی جائے۔ حافظ سعید نے مزید کہا کہ عالم اسلام اور چین کو ساتھ ملا کر پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کا کردار سب کے سامنے ہے اب وقت آگیا ہے عالم اسلام اٹھ کھڑا ہو اور متحد ہوکر پاکستان دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ یہود ی ہمارے دوست نہیں ہوسکتے یہ اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں قوم کو متحد ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو معصوم بچے اور اساتذہ شہید ہوئے ہیں ہم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ سب اچھے لوگ وہ ہوتے ہیں جنہیں شہادت کا رتبہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان فوج اور قوم سب ایک ہوجائیں۔