پورا ہندوستان ہی خواتین کے لیے محفوظ نہیں ‘اداکارہ شہناز ٹریژری والا

جمعرات 18 دسمبر 2014 11:36

پورا ہندوستان ہی خواتین کے لیے محفوظ نہیں ‘اداکارہ شہناز ٹریژری والا

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)بالی وڈ اداکارہ شہناز ٹریژری والا نے حال ہی میں دہلی میں ایک ٹیکسی میں ہونے والے مبینہ ریپ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے نام ایک کھلا خط لکھا تھا۔اس خط پر سوشل میڈیا میں بہت بحث ہوئی اور یہ خاصا وائرل ہوا۔شہناز نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ آخر انھوں نے یہ خط کیوں لکھا؟شہناز کہتی ہیں کہ یہ ہندوستان کے سب سے زیادہ بااثر مرد ہیں۔

نریندر مودی وزیر اعظم ہیں۔ وہ ریپ جیسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کر سکتے ہیں۔ انیل امبانی بہت امیر ہیں اور بزنس لیڈر تصور کیے جاتے ہیں۔شہناز نے کہاکہ سلمان بھائی، عامر بھائی اور شاہ رخ بھائی اس ملک کے مرد طبقے میں بڑے مقبول ہیں۔

(جاری ہے)

تمام طرح کے لوگ ان کی عزت کرتے ہیں۔ جن میں وہ مبینہ لوگ بھی شامل ہیں جن پر ریپ کا الزام ہے۔شہناز کا کہنا ہے کہ سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان ملک کے مرد طبقے میں بہت مقبول ہیں-وہ کہتی ہیں کہ ’سلمان بھائی بولیں گے تو وہ مبینہ ریپسٹ بھی ان کی بات ضرور سنیں گے، سمجھیں گے اور شاید ایسی حرکتوں سے توبہ کریں گے۔

شہناز کی فلم ’میں اور مسٹر رائٹ‘، 12 دسمبر کو ریلیز ہوئی ہے۔ان کا یہ خط، فلم ریلیز سے چند روز پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔جس کے بعد بعض لوگوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ خود کو اور اپنی فلم کو زیر بحث لانے کے لیے شہناز نے یہ طریقہ اختیار کیا۔شہناز نے کہاکہ جو لوگ یہ سوچتے ہیں کہ میں ایک چھوٹی سی ننھی منی رومانٹک فلم کے پروموشن کے لیے میں یہ تدبیر لگاوٴں گی تو مجھے ان کی عقل پر رحم آتا ہے۔ لیکن ایسے لوگ بہت کم ہیں۔انھوں نے کہاکہ سچ یہ ہے کہ میرے خط کے بعد کئی لڑکیوں اور خواتین نے اپنی مشکلات مجھے بتائیں اور میرے اس قدم کو سراہا۔کیا بالی وڈ بھی خواتین کے لیے غیر محفوظ ہے؟ اس سوال کے جواب میں شہناز نے کہاکہ پورا ہندوستان ہی خواتین کے لیے محفوظ نہیں ہے۔