دہشگردوں نے سٹینڈ اپ کہا ‘پھر سب کو گولیاں مار کر بھون ڈالا ‘ طالبعلم

جمعرات 18 دسمبر 2014 17:22

دہشگردوں نے سٹینڈ اپ کہا ‘پھر سب کو گولیاں مار کر بھون ڈالا ‘ طالبعلم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء)پشاور سکول کے طالب علم شاویز نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سکول میں داخل ہو کر کہا کہ "سٹینڈ اپ "اور پھر سب کو گولیاں مار کر بھون ڈلا۔ لیڈی ویڈنگ ہسپتال میں زیر علاج طالب علم شاویز نے میدیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منگل کے روز انگلش گرائمر کی کلاس جاری تھی کہ فائرنگ شروع ہوگئی۔شاویز نے ان الفاظ کی ادائیگی کچھ یوں کی ،شاویز نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور کہنے لگا ”ٹک ٹک، ڈز ڈز ڈز“ اور پھر کچھ دیر کیلئے خاموش ہوگیا، پھر کہنے لگا ٹیچر نے کہا کہ ڈرو مت، طلباء کو فسٹ ایڈ کی ٹریننگ دی جارہی ہے اچانک فائرنگ کی آواز زیادہ ہوگئی اور ٹیچر باہر نکلا اور فوراً اندر آگیا جس کے بعد وہ کہنے لگا سب بچے بنچوں کے نیچے لیٹ جائیں، تمام طلباء نے من و عن ٹیچر کے احکامات کو تسلیم کیا اور ٹیچر خود روازے کے پیچھے چھپ گیا۔

(جاری ہے)

اچانک کمرے میں لمبی ڈاڑھیوں والے دو افراد گھس آئے اور کہنے لگے، تمہیں عزت کرنا کسی نے سکھائی نہیں، اسٹینڈاپ ، سب طلباء اٹھ کھڑے ہوئے۔ دروازے کے پیچھے سے ٹیچر کو کھینچ کر باہر نکالا کہ آج تم طالب علم اور ہم تمہارے استاد ہوں گے، دہشت گردوں میں سے چھوٹے قد والا جو اپنی داڑھی کو مسلسل کھجا رہا تھا، کہنے لگا، ٹاپ ٹین سٹوڈنٹس کون سے ہیں، 8 طالب علم کھڑے ہوگئے، 2 طالب علم غیر حاضری کی وجہ سے کلاس میں موجود نہیں تھے۔

کہنے لگا، سامنے آجاؤ، 8 طلباء کو جب بلیک بورڈ کے قریب کھڑا کیا جارہا تھا تو ہم سمجھے کہ جنہوں نے زیادہ نمبر لئے ہیں وہ بچ جائیں گے، دونوں دہشت گرد ہمیں موت کے فرشتے لگ رہے تھے، ایک دہشت گرد پیچھے بنچوں کی جانب چلا گیا اور کہنے لگا کہ یہ جو ٹاپ ٹین ہوتے ہیں یہ سب سے بڑے خبیث ہوتے ہیں، یہی لوگ آگے جب جوان ہوتے ہیں تو ہمارے خلاف ٹینک اور توپ یہی لوگ تیار کرتے ہیں، اپنے ساتھی کو سیٹی بچا کر باہر نکلنے کا اشارہ کیا اور پھر گولیوں کی تڑ تڑاہٹ شروع ہوگئی۔