جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ واپس پہنچ گئے

چودھری نثار کی سربراہی میں بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کیلئے اکرم خان درانی کانام تجویز، سانحہ پشاور انتہائی افسوسناک ، واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،مولانافضل الرحمن

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:05

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ واپس پہنچ گئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وطن واپس پہنچ گئے،چودھری نثار کی سربراہی میں بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کیلئے اکرم خان درانی کانام تجویز کردیاگیا، سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہاہے کہ سانحہ پشاور انتہائی افسوسناک ، واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جمعرات کے روز جمعیت علمائے اسلام (ف ) کے سربراہ و پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانافضل الرحمن دورئہ یورپ کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

اسلام آباد پہنچتے ہی انہوں نے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری مولانا امجد خان کے مطابق اجلاس کی صدارت مولانافضل الرحمن نے کی جبکہ وفاقی وزیرہاؤسنگ محمد اکرم خان درانی، سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری ، سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مولانافضل الرحمن کو سانحہ پشاور کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس بارے بھی مولانافضل الرحمن کو اکرم خان درانی نے بریف کیا اور بتایا کہ قومی سلامتی ، دہشت گردی کے خلاف ایکشن پلان مرتب کرنے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جوکہ اپنی مفصل رپورٹ مرتب کرکے وزیراعظم میاں نوازشریف کو د ے گی اور اس سلسلے میں تمام پارلیمانی جماعتوں سے ایک ایک نمائندہ لیا جائیگا جس پر مولانافضل الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام (ف ) کی جانب اکرم خان درانی کا نام فائنل کیا اور کہاکہ جے یو آئی ف کی جانب سے اکرم خان درانی اس کمیٹی میں نمائندگی کرینگے۔

ذرائع نے ”آن لائن“ کو بتایاکہ مولانا عبدالغفورحیدری نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے خاتمے بارے بھی مولانافضل الرحمن کو بریفنگ دی اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں جب ”ان لائن“ نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ مولانافضل الرحمن کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور ہنگامی اجلاس طلب کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ مولانافضل الرحمن کو سانحہ پشاور کے بعد19 دسمبر کا احتجاج ملتوی کرنے بارے بریفنگ کیاگیا جس پر مولانافضل الرحمن نے احتجاج ملتو ی کرنے کے فیصلے کی توثیق کی۔ انہوں نے کہاکہ ہنگامی اجلاس کے فوری بعد مولانافضل الرحمن متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیلئے پشاور روانہ ہو گئے ہیں اس موقع پر انہوں نے مزید بتایاکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت سے طے کیا جائیگا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اکرم خان درانی کے نام کو پارلیمانی کمیٹی کے لئے تجویزکیاگیاہے۔