پشاور دہشتگردی کا واقعہ قومی سانحہ ہے، چیف جسٹس پاکستان

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:08

پشاور دہشتگردی کا واقعہ قومی سانحہ ہے، چیف جسٹس پاکستان

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر۔2014ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصرالملک نے کہا ہے کہ سزائے موت پر پابندی ختم کرنے کے حکومتی فیصلے پرعمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے تمام ججز کا اجلاس بلانےکافیصلہ کیا گیاہے۔ پشاورہائی کورٹ بارروم میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے حوالے سے تعزیتی ریفرنس ہوا۔ چیف جسٹس ناصرالملک نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے اس بہیمانہ واقعے کو قومی سانحہ قرار دیا اور اس کی شدیدمذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کا اس بے دردی سے قتل کہاں کا انصاف ہے،دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسی لیے انہوں نے اظہار یک جہتی کے طور پر پشاور کا دورہ کیاہے۔ چیف جسٹس ناصرالملک نے کہا کہ عنقریب ملک کی تمام انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں سزائے موت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ تعزیتی ریفرنس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زخمی طلبہ کی عیادت کی۔

متعلقہ عنوان :