اسلام آباد میں میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران گرین بیلٹس ، درختوں کی کٹائی اور اراضی کی ناہمواری کی صورت میں پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سی ڈی اے کو بارہ کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کی رقم جاری کردی،

سی ڈی اے آئندہ چند دنوں میں میٹرو بس پراجیکٹ کے گردونواح میں پہلے جیسی خوبصورتی کی بحالی کیلئے باقاعدہ کام شروع کردے گا

جمعرات 18 دسمبر 2014 21:59

اسلام آباد میں میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران گرین بیلٹس ، درختوں ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) اسلام آباد میں میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران گرین بیلٹس ، درختوں کی کٹائی اور اراضی کی ناہمواری کی صورت میں پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے کو ) بارہ کروڑ اکتالیس لاکھ روپے کی رقم جاری کردی ہے ۔ سی ڈی اے کو یہ رقم بذریعہ چیک نمبر 489074جاری کی گئی ہے جس میں سے پشاور موڑ انٹر چینج پیکج نمبر ٹو کے گردونواح میں لینڈ سکیپنگ اور دیگر سہولیات کیلئے پانچ کروڑ 14لاکھ روپے خرچ کئے جائینگے اسی طرح پشاور موڑ سے سینٹورس پیکج نمبر تھری کیلئے چھ کروڑ 67لاکھ 82ہزار ، سینٹورس سے شہید ملت پیکج نمبر فور کیلئے دو کروڑ اکیاسی لاکھ اٹھانوے ہزار اور شہید ملت سے پاک سیکرٹریٹ پیکج نمبر فائیو کیلئے ایک کروڑ 75لاکھ 79 ہزار جاری کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران گرین بیلٹ ، پودوں اور درختوں کے کٹائی سے پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ اٹھارہ کروڑ 73لاکھ روپے لگایا تھا اور یہ رقم منصوبے کے پی سی ون سے منظور بھی ہوئی تھی لیکن راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے چھ کروڑ روپے منظو شدہ تخمینہ سے کم جاری کی ہے سی ڈی اے کے ممبر انوائرمنٹ کے مطابق اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران گرین بیلٹس درختوں کی کٹائی اور اراضی کی ناہمواری کی صورت میں پہنچنے والا نقصان جاری رقم سے کئی زیادہ ہے تاہم سی ڈی اے آئندہ چند دنوں میں میٹرو بس پراجیکٹ کے گردونواح میں پہلے جیسی خوبصورتی کی بحالی کیلئے باقاعدہ کام شروع کردے گا ۔