مشہور سنگر ریانہ نے تخلیقی ڈائریکٹر کی پیشکش قبول کرلی

جمعہ 19 دسمبر 2014 11:48

مشہور سنگر ریانہ نے تخلیقی ڈائریکٹر کی پیشکش قبول کرلی

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء)مشہور سنگر ریانہ جلد ہی کھیلوں کا سامان بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنی ’پْوما‘ کے ساتھ کام کرنے جا رہی ہیں۔پوما کے اعلان کے مطابق کمپنی نے ریانہ کو خواتین کے ورزشی لباس اور دیگر سامان کے شعبے میں ’تخلیقی ڈائریکٹر‘ کے عہدے کی پیشکش کی تھی جو انھوں نے قبول کر لی ہے اور وہ جنوری سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گی۔

26 سالہ سنگر نہ صرف پوما کے کپڑوں اور جوتوں کے موجودہ ڈیزائنوں کو مزید بہتر بنائیں گی بلکہ وہ نئے نمونے بھی متعارف کرائیں گی۔

(جاری ہے)

پوما کے ساتھ اس اشتراک کے بارے میں ریانہ نے اپنے شائقین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا: ’میں آپ کا سوچ کر بہت پرجوش ہوں۔ دیکھیں میں اور پوما آپ کے لیے کیا نیا کرنے جا رہے ہیں۔پوما کے مالکان کا کہنا تھا کہ ریانہ’ کھیل کی دنیا کے ساز و سامان میں نئی تخلیقی صلاحیتیں اور اپنی ذاتی شناخت لے کر آ رہی ہیں۔کمپنی کے افسران کا مزید کہنا تھا کہ اب پوما کی مصنوعات میں’ایسے ڈیزائن متعارف کیے جائیں گے جن سے ورزش اور کھیلتے وقت خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور اپنی جسامت کے بارے میں زیادہ پراعتماد محسوس کریں گی۔