کراچی سے خیبر تک دہشت گردوں پر زمین تنگ، 64 امن دشمن مارے گئے

جمعہ 19 دسمبر 2014 17:39

کراچی سے خیبر تک دہشت گردوں پر زمین تنگ، 64 امن دشمن مارے گئے

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر 2014ء) خیبر ایجنسی کےعلاقے باڑہ میں سیکورٹی فورسز کے زمینی آپریشن میں اٹھارہ دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی خبیر ایجنسی کے علاقے تنگی سر اور کون گانا میں کی گئی آپریشن خیبر ون پوری تندہی سے جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی گئی کہ دہشت گردوں کا ایک گروپ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ سے پاک افغان سرحد کی طرف بھاگ رہا ہے۔

سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں پر ورماگئی اور سپور کوٹ کے مقام پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے زبردست حملے کے نتیجے میں بتیس دہشت گرد مارے گئے۔ حملے کے بعد دہشت گرد ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز علاقے میں شر پسندوں کا صفایا کر رہی ہیں۔

دوسری طرف خیبرایجنسی سے متصل پاک افغان سرحد افغانستان کے علاقے کوٹ نازیان میں جاسوس طیارے نے طالبان کے ٹھکانے پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں پانچ طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے پاک افغان سرحدی علاقہ کوٹ نازیان وادی تیراہ سے کچھ فاصلے پر ہے یہاں سے طالبان وادی تیراہ میں داخل ہوتے ہیں اور پاکستانی علاقوں میں کارروائی کر کے واپس افغانستان چلے جاتے ہیں۔

ادھر ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے آپریشن کیا رینجرز ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے رینجرز پر فائرنگ اور کریکر حملے کئے۔ جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد مارے گئے جن میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر عابد مچھڑ بھی شامل ہے۔ ملزم انچولی بم دھماکا سی آئی ڈی بم دھماکے، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی متعدد وارادتوں میں ملوث تھا۔

دوسرا واقعہ گجرات کے قریب لالہ موسی کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس اور حساس ادارے کے ساتھ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت دو دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تحریک طالبان گجرات کا امیر افضل عرف فوجی اور اسکا قریبی ساتھی احمد عرف باباشامل ہیں۔ مارے گئے دہشت گرد پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث تھے۔

دوسری طرف زیارت میں پوئی شریف کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گرد مارے گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق دوسرا سرچ آپریشن سنجاوی اور پاسرا میں کیا گیا جس میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران تین سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ کالعدم تحریک طالبات کے اہم کمانڈر کی لاش سیکورٹی فورسز نے اپنے قبضہ میں لے لی ہے۔

متعلقہ عنوان :