Live Updates

حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات میں پیش رفت، اگلے ہفتے قوم کو اچھی خبر دینے کی پوزیشن میں ہوں گے: مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 19 دسمبر 2014 18:45

حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات میں پیش رفت، اگلے ہفتے قوم کو اچھی خبر دینے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2014ء) حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں فریقین نے عندیہ دیا ہے کہ اگلے ہفتے قوم کو اچھی خبر دینے کی پوزیشن میں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں میں ملاقات ہوئی جس میں ٹرم آف ریفرنس پر بات چیت کی گئی۔ حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار، احسن اقبال اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور اسد عمر شریک ہوئے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کی ملاقات بہت اچھی رہی ہے اور ٹرم آف ریفرنس پر خاطر خواہ حد تک پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15نشستوں کے بعد مذاکرات میں تعطل آیا اور آج وہیں سے بات کا آغاز کیا جہاں رکی تھی جس دوران ماضی میں طے نکات پر اتفاق ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچائیں گے اور اگلے ہفتے میں قوم کو اچھی خبر دینے کے قابل ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم قوم اور جمہوری نظام کی بہتری کیلئے کوشش کر رہے ہیں اورخواہش ہے کہ ملک میں شفاف الیکشن کا انعقاد ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خودمختار الیکشن کمیشن کا وجود چاہتے ہیں، دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کو مختلف اداروں کی سپورٹ، معلومات درکار ہوں گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسحاق ڈار نے پارلیمانی کمیٹی میں تحریک انصاف کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ تحریک انصاف کیساتھ معاملات کو جلد حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز اور حالیہ صورتحال کے پیش نظر حکومت تحریک انصاف کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے جبکہ تحریک انصاف بھی نے تعاون کا مظاہرہ کیا ہے جس کے باعث ہم مسائل کے حل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے لیڈرز کے ساتھ معاملات کو شیئر کرنے کے بعد دوبارہ ملاقات کرے گی اور امید ہے کہ اگلے ہفتے میں قوم کو اچھی خبر سننے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں ججز کے علاوہ کوئی نہیں ہو سکتا تاہم جوڈیشل کمیشن کی صوابدید ہے، کسی کو بھی بلا سکتا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات