اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کادورہ پشاور،سکول سانحہ کی شدیدمذمت،

تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں ،عوام کو پشاور میں معصوم بچوں کے بیدردی سے قتل پرانتہائی دکھ پہنچا ہے غم کی گھڑی میں پوری امت مسلمہ خیبرپختونخوا کی حکومت، عوام، اہل پشاور اور غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہے ، او آئی سی غمزدہ خاندانوں کیساتھ رابطہ کریگی ،ہر ممکن روحانی، اخلاقی او ر مالی مدد کی جائیگی ، عیاد امین مدنی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 19:16

اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کادورہ پشاور،سکول سانحہ کی شدیدمذمت،

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی )کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے او آئی سی حکام کے ایک وفد کے ہمراہ خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور پشاور سکول سانحہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید بچوں اور اساتذہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاسینئر وزیر برائے صحت شاہرام خان ترکئی، وزیر تعلیم محمد عاطف خان اور بعض دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے عیاد امین مدنی نے واضح کیا کہ پوری دنیاکی طرح تمام اسلامی ممالک کے سربراہوں اورعوام کو پشاور میں معصوم اور پھول بچوں کے بیدردی سے قتل پرانتہائی دکھ پہنچا ہے اور غم کی اس گھڑی میں پوری امت مسلمہ خیبرپختونخوا کی حکومت، عوام، اہل پشاور اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی دنیا کی نمائندگی کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کرنے کیلئے پشاور آئے ہیں انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتلوں اور دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں بلکہ یہ ایک اقلیت ہے اور دہشت گردی انکا مذہب بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ سینکڑوں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری امت مسلمہ کو بھی جگا دیا ہے اور یہ احساس زیادہ نمایاں ہو گیا ہے کہ دہشت گردی پوری اسلامی دنیا کیلئے ایک ناسوراور اسکی کمزوری کا باعث بن چکی ہے جس کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کیلئے متفقہ ٹھوس حکمت عملی اور فیصلہ کن اقدامات کی گھڑی بھی آچکی ہے عیاد امین مدنی نے انکشاف کیا کہ او آئی سی بہت جلد پشاور میں مسلم دنیا کے سفرا ء اور علما ء کی کانفرنس منعقد کریگا جس میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کیلئے سفارشات مرتب کئے جائیں گے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے صوبائی حکومت کو یقین دلایا کہ او آئی سی غمزدہ خاندانوں کے ساتھ رابطہ کریگی اور انکی ہر ممکن روحانی، اخلاقی او ر مالی مدد کی جائیگی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ سینکڑوں بچوں کی خون آلود لاشیں اٹھانے کے بعد ہم سب سخت غمزدہ اور پورا صوبہ بالخصوص صوبائی دارلحکومت پشاور سوگ کے سمندر میں ڈوبا ہے انہوں نے کہا صوبائی حکومت حادثہ سے متاثرہ بچوں کے نفسیاتی علاج کیلئے نفسیاتی ماہرین کی ٹیم مقرر کررہی ہے تاکہ بچوں کو اس تکلیف دہ ذہنی کیفیت سے نکالنے میں مدد دی جائے اس سلسلے میں شاہرام ترکئی نے بتایا کہ صوبے میں ماہرین نفسیات کی کمی کے پیش نظر وفاقی حکومت اور الشفاء ہسپتال جیسے طبی اداروں سے بھی معاونت کیلئے رجوع کیا جارہا ہے جس پر سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بھی پیشکش کی کہ مسلم دنیا سے بھی ماہر نفسیات پشاور بھیجے جائیں گے تاکہ دہشت گردی سے متاثرہ بچوں کو ذہنی خلفشار سے بچانے میں انکی بھرپور مددکی جائے انہوں نے اعتراف کیا کہ بچوں کا نفسیاتی علاج طویل اور صبر آزما کام ہے جس میں او آئی سی صوبائی حکومت کی ہر طرح معاونت چاہتی ہے پرویز خٹک نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دہشت گردعناصر نبی مہربان کے امتی ہونے کا دعوی کس منہ سے کرتے ہیں کیونکہ آپ پوری دنیا کیلئے رحمت بن کرآئے پیغمبرآخرالزمان کی یہ تعلیم ہرگز نہیں کہ غریب اور مفلس خاندانوں کے چھوٹے بچوں اور نوجوانوں کو ایک کمرے میں باغ بنا کر جنت کی نقلی اور جعلی تصویریں دکھائی جائیں اور انہیں خودکش بمبار بنا کر اپنے ہی مسلمان بہن بھائیوں حتیٰ کہ معصوم بچوں کا بیدردی سے خو ن بہایا جائے پھر ستم یہ کہ اسکی مختلف توجیہات بھی کی جائیں کیا یہ حقیقت نہیں کہ ہماری فوج وطن کی محافظ اور پولیس فورس عوام کی جان و مال کی نگہبان ہے ان پر حملوں کا مطلب اسلام کے اس قلعے کے دفاع کو کمزور بنانا اور عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنانا ہے جسکی کوئی ریاست متحمل نہیں ہو سکتی اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ واقعے نے پوری قوم کو جگا کر یکجا کردیا ہے اور اب ہماری سرزمین پر گزشتہ کئی عشروں سے جاری دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کے سواء ہمارے پاس کوئی دوسراچارہ کار باقی نہیں رہا سیکرٹری جنرل او آئی سی نے بھی وزیر اعلیٰ کے نقطہ نظر سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے انکی اور وفاقی حکومت کو اپنی تنظیم اور پوری امت مسلمہ کی طرف سے بھر پور تعاون اور حمایت کا یقین دلایا اس موقع پر پشاور سکول واقعے میں شہید ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور غمزدہ خانداوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا ا ظہار کیا گیا۔