ویسٹ انڈین کرکٹ میں ایک اور تنازع سر اٹھانے لگا

منگل 23 دسمبر 2014 14:17

ویسٹ انڈین کرکٹ میں ایک اور تنازع سر اٹھانے لگا

برج ٹاؤن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار -23 دسمبر 2014ء ) ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میں نیا تنازع سر اٹھانے لگا ہے ،ون ڈے سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر ڈیرن سیمی ،کیرون پولارڈ اور ڈووین براوو نے بورڈ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے چند روز قبل جنوبی افریقہ کے خلاف محدود اوورز کے میچز کے لیے سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

بورڈ نے ون کے کپتان ڈووین براوو کی چھٹی کرتے ہوئے جیسن ہولڈر کو نیا کپتان مقرر کیا جب کہ ڈیرن سیمی اور کیرن پولارڈ کو بھی سکواڈ سے نکال دیا گیا ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ تینوں کھلاڑیوں کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بدستور برقرار رکھا گا اور ڈیرن سیمی ہی انکی کپتانی کرینگے۔یہ تینوں کھلاڑی دورہ بھارت کے دوران بورڈ اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے جھگڑے میں پیش پیش تھے بلکہ براوو سب کی ترجمانی کے چکر میں کچھ زیادہ ہی آگے نکل گئے تھے۔

(جاری ہے)

ان تینوں کو ایک روزہ سکواڈ سے نکالنے پر یہ تاثر مضبوط ہورہا ہے کہ یہ شاید ورلڈ کپ میں بھی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے ۔دوسری جانب ٹیم کے دورہ بھارت کو ادھورا چھوڑنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر ان تینوں کی پیروی کرنیوالے وکیل رالف تھور نے دعوی کیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو نشانہ بنا یا گیا ہے ،وہ اب بھی براوو کی نمائندگی کر رہے ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فی الحال براوو کی جانب سے کوئی ہدایات نہیں ملیں ہیں لیکن وہ اس معاملے کو عدالت لے جانے پر غور کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :