پی کے، کے سیکوئل کیلئے عامر کا دل مچلنے لگا

منگل 23 دسمبر 2014 15:47

پی کے،  کے سیکوئل کیلئے عامر کا دل مچلنے لگا

بولی وڈ مسٹر پرفیکٹ نے اپنی نئی فلم ' پی کے' کی کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ عامر خان سے جب ' پی کے' کے سیکوئل کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ یہ تو ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی ہی بتاسکتے ہیں کہ وہ دوسرا حصہ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاہم اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو میں اس میں کام کرنا پسند کروں گا۔

خیال رہے کہ فلم میں عامر نے خلائی مخلوق کا کردار ادا کیا ہے اور اس کے اختتام پر دکھایا گیا ہے کہ وہ اپنے سیارے سے رنبیر کپور کے ہمراہ زمین پر واپس آتے ہیں جس کے بعد سیکوئل کی خبریں گرم ہونا شروع ہوگئی تھیں۔ اس بارے میں بولی وڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ ڈائریکٹر سیکوئل میں مجھے اور رنبیر کپور دونوں کو ساتھ لینا چاہتے ہوں۔

(جاری ہے)

عامر خان فلم کو پسند کیے جانے پر خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے شائقین کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ انسانیت سب سے بڑی چیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی اس فلم کا سب سے اہم پیغام تھا کہ ہم سب برابر ہے، ہندو اور مسلمان میں کوئی فرق نہیں درحقیقت ہماری زندگی میں اعتماد اور عقیدہ سب سے اہم ہوتے ہیں۔ پی کے میں عامر خان کے ساتھ انوشکا شرما اور سنجے دت نے بھی کام کیا اور اس فلم کو ناقدین اور ناظرین دونوں جانب سے کافی سراہا گیا ہے۔