کراچی کو ہمیں من حیث القوم اون کرنے کی ضرورت ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 24 دسمبر 2014 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ کراچی کو ہمیں من حیث القوم اون کرنے کی ضرورت ہے ، ہمیں وسائل کی کمی کا سامنا ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی پہلے سے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ہی شہر کے لئے کام کر رہی ہے کراچی کو آج بھی 98ء میں ہونے والی مردم شماری کے مطابق ہی وسائل فراہم کئے جارہے ہیں اس وقت آبادی تقریباً 1 کروڑ تھی جبکہ آج کراچی کی آبادی تقریباً ڈھائی کروڑ ہوچکی ہے اس کے باوجود بھی بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے مصروف عمل ہے ہم مایوس نہیں ہیں عوام کی رہنمائی میں تعمیر و ترقی کا عمل جاری رہے گا ،ربیع الاول کا مبارک مہینہ ہم سب کے لئے بہت ہی اہم ہے لہٰذا اس مہینے میں افسران و اہلکارثواب کے جذبے کے تحت بھی زیادہ جوش و خروش سے کام کرتے ہیں ہماری حتی الامکان یہ کوشش ہے کہ جلوسوں کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کیا جائے اور شہر کے ہر علاقے میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہاں عاشقان رسول ﷺ باآسانی جلوس نکال سکیں ۔

(جاری ہے)

واٹر بورڈ ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کرے جو بالخصوص سیوریج کے مسائل کو حل کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سوک سینٹر کے لان پر منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی اقبال محمد علی ، ڈپٹی کمشنر وسطیٰ ڈاکٹر سیف الرحمن، ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی ٹریفک سمیت علمائے کرام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ ، پولیس، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور دیگر اداروں کے نمائندوں، دعوت اسلامی کے محمد یعقوب عطاری، محمد عمران عطاری، جمعیت علماء پاکستان کے قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان سنی موومنٹ کے شفیع قادری، پاکستان اسلامک فورم کے چیئرمین حاجی مرزا محمد مبین بیگ، لیاقت آباد گلبہار امن کمیٹی کے چیئرمین ناصر حسین خان، نظام مصطفی پارٹی سندھ کے صدر شبیر احمد قاضی، جماعت اہلسنت کراچی کے ناظم اعلیٰ محمد حسین لاکھانی ، تحریک عوام اہلسنت پاکستان کے چیئرمین محمد عاطف حنیف بلو، مولانا ریاض قادری، جماعت اہلسنت کراچی کے مفتی محمد ناصر خان قادری، سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری، محمد ریحان قادری، محمد طاہر قادری، فیضان چشتیہ سعیدآباد کے مفتی تاج الدین نعیمی، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے امین اور دیگر نے شرکت کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بھی ربیع الاول کے دنوں میں شام 6 تا صبح 7 بجے تک لوڈشیڈنگ نہیں کرے گی ، ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے تمام ضلعی ایڈمنسٹریٹرز خصوصی توجہ کے ساتھ کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے علاقوں میں گزرنے والے جلوسوں کو مشکلات درپیش نہ ہوں انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بالخصوص جلوس کی گزرگاہوں کے مقامات پر روشنی کا انتظام کیا جاسکے جبکہ واٹر بورڈ ایک خصوصی ٹاسک فورس بنا کر سیوریج کے مسائل کو فوری حل کرے ، جن مقامات پر پیچ ورک کی ضرورت ہے وہاں پیچ ورک بھی مکمل کئے جائیں اگر ہم سب مل کر ایک جذبے کے ساتھ کام کریں گے تو یقینا یہ سب کام مکمل ہوں گے انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ رحمتوں اور محبتوں کا مہینہ ہے اور اسلام کا پیغام ہی محبت ہے اس لئے ہم میں انا نہیں ہونی چاہئے بلکہ ہمیں حضور ﷺکی تعلیمات پر چلنا چاہئے اور پیار ومحبت اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور اس کے کام آنے کے پیغام پر عمل کرنا چاہئے ۔

قبل ازیں ممبر قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ اس وقت شہر کو اون کرنے والا کوئی نہیں ہے اور عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندے موجود نہیں ہیں ماضی میں جب عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندے موجود تھے تو عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کردیئے جاتے تھے انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ بہت مقدس ہے لہٰذا ان کی اپیل ہے کہ افسران ربیع الاول کے حوالے سے ہونے والے ضروری کاموں کو بجٹ نہ ہونے کی نذر نہ کریں بلکہ اگر اپنی جیب سے بھی خرچ کرنا پڑے تو کرلیں۔

قبل ازیں مختلف علمائے کرام نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل کا تعلق سڑکوں کے پیچ ورک، سیوریج ، کچرا کنڈیوں اور تجاوزات سے تھا ۔ اس موقع پر شہداء پشاور کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :