بھارتی فلموں اور ڈراموں کی پاکستان میں نمائش بغیر ہتھیاروں کے یلغار ہے ‘ عوامی حلقے

جمعرات 25 دسمبر 2014 12:58

بھارتی فلموں اور ڈراموں کی پاکستان میں نمائش بغیر ہتھیاروں کے یلغار ..

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) عوام کی اکثریت نے پاکستان میں بھارتی فلموں اور ٹی وی ڈراموں پر ایک مرتبہ پھر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس کے ذریعے بغیر ہتھیاروں کے یلغار کر رہا ہے ،ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بھارتی ثقافت کو ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں میں اتارا جارہا ہے جو قابل تشویش ہے ۔ ایک سروے میں عوام کی اکثریت کا کہنا تھاکہ بھارت کی بہت سی فلمیں ایسی ہوتی ہیں جس کی بنیادی کہانی پرغور کیا جائے تو صاف نظر آتا ہے کہ اس میں پاکستان کو منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

جبکہ بھارت کی فلموں اور ڈراموں میں بھی جو کچھ دکھایا جاتا ہے وہ ہرگز ہماری ثقافت نہیں ۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کے معاملات پرنظر رکھے اور اس طرح کی فلموں اور ڈراموں پرپابندی عائد کی جا ئے جس کے ذریعے نوجوان نسل میں منفی رجحان پیدا ہو۔

(جاری ہے)

کچھ لوگوں نے بھارت کی فلموں اور ٹی وی ڈراموں کو بغیر ہتھیاروں کے یلغار قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران ابھی تو اس پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں آنے والے چند سالوں میں اس کے نتائج سب کے سامنے آ جائیں گے ۔

سروے کے دوران کچھ لوگوں نے بھارتی فلموں کی نمائش کی حمایت بھی کی تاہم ان کا کہنا تھاکہ بھارتی فلموں کو سنسر کر کے پیش کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ۔ اسکے علاوہ پاکستانی فلموں کو بھی بھارتی سینما گھروں میں نمائش کے مکمل آزادی اور مواقع ملنے چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :