چھوٹی سی نیکی جس نے زندگی بدل دی

جمعرات 25 دسمبر 2014 14:21

چھوٹی سی نیکی جس نے زندگی بدل دی

کیلیفورنیا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء)روپے پیسے کے پیچھے جہاں ساری دنیا اپنا دین ایمان تک بیچ دینے کو تیار ہوتی ہے وہاں کچھ نہ ہونے کے باوجود بڑا دل رکھنے والے لوگ بھی موجود ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں فلم میکر جاش پیلرنے ایک بے گھر آدمی تھامس کو 100ڈالر یہ کہہ کر دیئے کہ وہ کرسمس کی خوشی میں اسے یہ پیسے دے رہا ہے۔

تھامس نے خوش ہو کر اسے گلے لگایااور وہاں سے چل پڑا۔جاش پیلر ایک خفیہ کیمرے سے یہ سب فلمبند کر رہا تھا اس نے تھامس کو ایک قریبی شراب کے سٹور کی طرف جاتے دیکھا اور اس کی حیرت کی اس وقت کوئی انتہا نہ رہی جب اس نے دیکھا کہ اس کے دی ہوئی رقم سے تھامس نے بہت سا سامان خریدا اور باہر آکر اپنے ہی جیسے بے گھر لوگوں میں اسے تقسیم کرنا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

جاش پیلر کے پوچھنے پر تھامس نے اسے بتایا کہ اپنے سوتیلے باپ کی دیکھ ریکھ اس نے اپنی نوکری چھوڑ دی تھی مگر وہ کینسر جیسے موذی مرض کا مقابلہ نہ کر پایااور اس کے دو ہفتے بعد اس کی ماں بھی چل بسی۔تب سے اب تک وہ بے گھر ہے مگر ہمیشہ دوسروں کا خیال رکھتا ہے۔تھامس کی فراخ دلی اور کردار سے متاثر ہو کر جاش پیلر نے اس کے لئے سوشل میڈیا پر تحریک چلا کر اب تک 50ہزار ڈالر جمع کر لئے ہیں تاکہ وہ ایک نئی زندگی کا آغاز کر سکے۔جاش کی خواہش ہے کہ تھامس جلد ہی ایک موبائل فون بھی خرید لے تاکہ وہ اس سے ہمیشہ رابطے میں رہ سکے۔