پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی سیریز کا فیصلہ

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:20

پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی سیریز کا فیصلہ

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے اشتراک سے یو اے ای میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کے انعقاد کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔ نوجوان کرکٹرز کو گروم کرنے کے لیے سیریز کا انعقاد آئندہ سال ہوگا جبکہ کینیا کے بعد ہالینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ساتھ نوجوان کرکٹرز کو گروم کرنے کی کوششیں بھی شروع کردی ہیں۔

کینیا کا حالیہ دورہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلا قدم تھا۔ اب ہالینڈ کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے میچ کراچی میں بھی کروائے جائیں گے۔ ڈچ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقات بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد آئندہ سال مختلف ممالک کی جونیئر اور اے ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

شہریار خان کے مطابق نوجوان کرکٹرز کو انٹرنیشنل میچز کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے یو اے ای میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی اے ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پچاس اوورز کی سیریز کی تجویز جنوبی افریقہ نے پیش کی تھی۔ پی سی بی اب اس پر عمل کرنے کے لیے بے چین ہے۔شہریار خان نے کہا کہ دو ہزار نو میں سری لنکن ٹیم پر حملے سے پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان پہنچا ہے تاہم اب حالات میں بہتری آرہی ہے۔ کئی انٹرنیشنل ٹیموں نے پاکستان میں میچز کھیلنے کا عندیہ دیا ہے جنہیں حکومت کے تعاون سے بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :