بلاول اور آصف زرداری کے اختلافات ختم نہ ہوسکے، بلاول کا والدہ کی برسی کی تقریب میں شرکت سے انکار

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:30

بلاول اور آصف زرداری کے اختلافات ختم نہ ہوسکے، بلاول کا والدہ کی برسی ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری بھٹو کے اپنے والداورسابق صدر آصف علی زرداری کے اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں اور بلاول نے اپنی والدہ کی برسی کی تقریب میںشرکت سے بھی انکار کردیاہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی ایک شخصیت کی شرکت کی تصدیق کردی ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنے صاحبزادے سے ایک اور شخصیت کے ہمراہ ملاقات کی جس دوران بریک تھرونہ ہوسکا ۔

ذرائع نے بتایاکہ تمام ترکاوشوں کے باوجود باپ بیٹے کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور بلاول نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریبات میں بھی شرکت سے انکار کردیاہے اور وہ پارٹی کی تنظیمیں سرگرمیوں میں دلچسپی کے خواہاں نہیں جس کے بعد سابق صدر جمعرات کی شام وطن واپس پہنچ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول زرداری پی پی کے پانچ سالہ دورحکومت میں مبینہ کرپشن ، ناقص کارکردگی اور دیگر معاملات پر اپنے والد کے علاوہ اپنی پھوپھی فریال تالپور سے بھی نالاں ہیں اورپیپلزپارٹی کے عہدیداروں کی حالیہ تعیناتیوں سمیت کئی فیصلوں پر اُنہوں نے آصف علی زرداری کو بھی اعتماد میں نہیں لیا۔

سندھ کے وزیراعلیٰ اور پیپلزپارٹی کے رہنماءسید قائم علی شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں ، بلاول یا آصف زرداری میں سے کوئی ایک شخصیت بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شامل ہوں گے ، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرلیے گئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہاکہ مخدوم امین فہیم پارٹی کے بدستورصدر ہیں اور جلد ہی ناراضی ختم ہوجائے گی ۔