خواتین کو گلے لگا کر مشکلات حل کرنے والا جعلی عامل گرفتار

جمعہ 26 دسمبر 2014 16:43

خواتین کو گلے لگا کر مشکلات حل کرنے والا جعلی عامل گرفتار

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) دنیا بھر کے مختلف ممالک میں توہم پرستی کا مسئلہ انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کر چکا ہے جبکہ بھارت اور پاکستان میں یہ معاملہ تو اپنی حدیں ہی پار کر چکا ہے جہاں جعلی عاملوں کی بھرمار نے لوگوں کے مال پر ہاتھ صاف کرنے کیساتھ ساتھ عورتوں کی عزتوں کے ساتھ کھیلنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

بھارتی شہر حیدر آباد میں بھی ایک ایسا ہی عامل گرفتار کیا گیا ہے جو خواتین کو ”جادو کی جپھی“ دے کر مشکلات حل کرنے کا دعویدار ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے جمعرات کی صبح بھارتی شہر حیدر آباد میں ایاپا مندر کے قریب چھاپہ مار کر سنجیو بابا نامی جعلی عامل کو گرفتار کیا جو خواتین کو گلے لگا کر ان کے بوسے لیتا تھا اور دعویٰ کرتا تھا کہ اس عمل سے نہ صرف ان کے مالی معاملات بہتر ہو جائیں گے بلکہ انہیں اولاد کی نعمت بھی مل جائے گی۔

(جاری ہے)

قابل ذکر امر یہ ہے کہ یہ عامل علاج کیلئے آنے والے مرد حضرات کو صرف ایک لیمو چٹا کر ”بھگا“ دیتا تھا تاہم خواتین کو گھنٹوں اپنے پاس بٹھائے رکھتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار عامل کا اصلی نام سوبا ریڈی ہے جو گزشتہ 4 ماہ سے گھناﺅنا کاروبار کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار عامل کے خلاف خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کے علاوہ اس گھناﺅنے کاروبار کے ذریعے کمائی گئی رقم کو ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھیجنے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔