Live Updates

تحریک انصاف ،حکومت کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ، فریقین تین نکات پر متفق نہ ہوسکے

انتخابی دھاندلی سے متعلق مسودے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے ،تحریک انصاف کیساتھ تین پوائنٹس کے علاوہ تمام نکات پر اتفاق ہوگیا ہے ،اسحاق ڈار ، حکومت کیساتھ نشست میں کسی نتیجے پر پہنچنے کیلئے پر امید تھا لیکن اپنی توقع کے مطابق گھر نہیں لوٹ رہا ،شاہ محمود قریشی ، تحریک انصاف نے جس لچک ،فراخدلی کا مظاہرہ کیا، توقع تھی حکومت بھی ایسا کا مظاہرہ کریگی ، امید ہے حکومت اب خیر سگالی جذبے کے تحت آگے بڑھے گی، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 دسمبر 2014 22:14

تحریک انصاف ،حکومت کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ، فریقین ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئے، دونوں فریقین تین نکات پر متفق نہ ہوسکے ۔ مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ نتخابی دھاندلی سے متعلق مسودے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور اسے آل پارٹیز کانفرنس میں بھی تمام جماعتوں سے شیئر کیا گیا تھا تاہم تحریک انصاف کیساتھ تین پوائنٹس کے علاوہ تمام نکات پر اتفاق ہوگیا ہے اور مذاکرات (آج) ہفتہ کو پھر ہونگے ، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کیساتھ آج کی نشست میں کسی نتیجے پر پہنچنے کیلئے بہت پر امید تھا تاہم اپنی توقع کے مطابق گھر نہیں لوٹ رہا ، انہوں نے کہا کہ (آج) ہفتہ کو پھر نیک نیتی سے مذاکرات ہونگے اور تمام چیزوں کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور عمران خان نے گزشتہ چند اقدامات سے جس لچک اور فراخدلی کا مظاہرہ کیا اس پر توقع کررہے تھے کہ حکومت بھی اسی فراخ دلی کا مظاہرہ کریگی لیکن اب امید کرتے ہیں کہ حکومت اسی خیرسگالی کے جذبے کے تحت آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کا اعتراف کرتا ہوں لیکن جوڈیشل کمیشن سے متعلق حکومتی مسودے کو اطمینان بخش نہیں پایا ، انہوں نے کہا کہ اگر معاہدے میں تاخیر ہوئی تو یہ مکمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا کیونکہ اگر حتمی نتیجے تک پہنچنا ہے تو اس کیلئے زیادہ وقت نہیں ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق فریقین کے درمیان دھاندلی کی تعریف پر اتفاق نہیں ہو سکا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات