وفاقی حکومت نے ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط بنانے کا فیصلہ کرلیا،

وفاقی حکومت انٹیلی جنس نظام کی مضبوطی کے لئے پولیس اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کو جدید سہولیات اور آلات کی فراہمی بھی ممکن بنائے گی

جمعہ 26 دسمبر 2014 23:33

وفاقی حکومت نے ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو مزید ..

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر 2014ء) وفاقی حکومت نے ملکی، صوبائی اور ضلعی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی حکومت انٹیلی جنس نظام کی مضبوطی کے لئے پولیس اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کو جدید سہولیات اور آلات کی فراہمی بھی ممکن بنائے گی۔ ملک بھر میں انٹیلی جنس نظام کو مزید مربوط بنانے کا فیصلہ حکومت نے قبل از وقت دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی معلومات جمع کرنے کے لئے کیا ہے۔

انٹیلی جنس نظام کو تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ پہلا گروپ وفاقی انٹیلی جنس، دوسرا گروپ صوبائی انٹیلی جنس اور تیسرا گروپ ضلعی انٹیلی جنس نظام پر مشتمل ہوگا۔ وفاقی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو وزارت داخلہ اور صوبائی اور ضلعی سطح پر انٹیلی جنس نظام کو صوبے کی وزارت داخلہ کنٹرول کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی انٹیلی جنس نظام کے تحت وزارت داخلہ میں جوائنٹ انٹیلی جنس ڈیسک قائم کی جائے گی جس میں پولیس اور دیگر تمام خفیہ اداروں کے سینئر افسران بطور رکن کام کریں گے جبکہ صوبائی انٹیلی جنس نظام کے تحت محکمہ داخلہ میں صوبائی انٹیلی جنس ڈیسک قائم کی جائے گی۔

اس ڈیسک کے سربراہ متعلقہ صوبے کا سیکریٹری داخلہ ہوگا اور اس ڈیسک میں پولیس اور دیگر تمام اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔ انٹیلی جنس نظام کے تیسرے گروپ کے تحت ضلعی سطح پر بھی انٹیلی جنس ڈیسک قائم کی جائے گی جس کا انچارج ڈی آئی جی یا ایس ایس پی رینک کا افسر ہوگا۔ اس انٹیلی جنس ڈیسک میں بھی پولیس اور تمام خفیہ اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ضلعی سطح پر پولیس کی اسپیشل برانچ کے انٹیلی جنس نظام کو مضبوط کیا جائے گا اور تھانوں کی سطح پر خفیہ اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ملک گیر سطح پر تمام تھانوں کی حدود میں دوبارہ انٹیلی جنس سروے کرایا جائے گا۔ اس انٹیلی جنس سروے کے تحت متعلقہ تھانوں کی حدود میں کالعدم تنظیموں کے افراد، رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مدارس، تنظیموں اور دیگر خفیہ معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔

ضلعی انٹیلی جنس ٹیم اپنی اپنی سطح کے تھانوں سے رابطوں میں ہوگی اور اپنی معلومات صوبائی انٹیلی جنس ڈیسک کے توسط سے وفاقی انٹیلی جنس ڈیسک کو بھیجے گی۔ صوبائی انٹیلی جنس ڈیسک تمام ضلعی انٹیلی جنس سے رابطے میں رہے گا اور روزانہ کی بنیاد پررپورٹ مرتب کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انٹیلی جنس نیٹ ورک کو انٹیلی جنس نظام کے تحت مربوط ومنظم کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے پولیس اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کو جدید سہولیات اور آلات کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کردی ہے کہ وہ چاروں صوبائی محکمہ داخلہ، چاروں صوبوں کے آئی جیز اور تمام خفیہ اداروں کے سینئر افسران کے ساتھ خفیہ اجلاس منعقد کریں اور انٹیلی جنس نظام کو مربوط بنانے کے لئے جامع حکمت عملی اور ایک اعلیٰ سطح کی رابطہ کار کمیٹی تشکیل دی جائے جس کی نگرانی وزیر داخلہ خود کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انٹیلی جنس نیٹ ورک کی نگرانی وفاقی سیکریٹری داخلہ کریں گے۔ انٹیلی جنس اداروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے جلد اہم سفارشات وزیراعظم کو بھیجی جائیں گی جن کی منظوری کے بعد مرحلہ وار انٹیلی جنس اداروں کو مربوط ومنظم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :