تمام کھلاڑی ورلڈ کپ کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں، ٹیم ،میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا یقین ہے‘ احمد شہزاد

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:00

تمام کھلاڑی ورلڈ کپ کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں، ٹیم ،میگا ایونٹ میں عمدہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹسمین احمد شہزاد نے ورلڈ کپ 2015ء میں قومی ٹیم کی بہترین پرفارمنس کا یقین ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ تمام کھلاڑی ورلڈ کپ کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، ٹیم ورک اور مثبت رویہ کی بدولت ٹیم سے میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا یقین ہے۔ایک انٹرویو میں احمد شہزاد نے کہا کہ بھرپور محنت اور ٹیم ورک کی بنا پر قومی ٹیم ورلڈ کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔

ساتھی کھلاڑیوں کی طرح وہ بھی میگا ایونٹ کو عمدہ پرفارمنس سے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔ امید ہے کہ انہیں اور دیگر کھلاڑیوں کو محنت کا بھرپور صلہ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے سیریز کے دوران ٹیم انتظامیہ میں کافی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

سب نے عمدہ کارکردگی کے لیے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹیم اب ایک یونٹ میں ڈھل چکی ہے جس کی وجہ سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اوپنر نے کہا کہ انہیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔ کپتان، کوچ اور ساتھی پلیئرز کی حوصلہ افزائی سے بھی ان کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔واضح رہے کہ احمد شہزاد نے 2014ء میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے جبکہ وہ ٹیسٹ کے بھی نمایاں بیٹسمینوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے ٹی ٹونٹی کی واحد سنچری بنانے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔