اچانک شادی نے دلہن کو حیرت میں مبتلا کر دیا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 19:41

اچانک شادی نے دلہن کو حیرت میں مبتلا کر دیا

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) شادی کا دن کسی بھی دلہن کیلئے بہت ہی اہم ہوتا ہے جس کے لئے اس نے ڈھیروں خواب دیکھے ہوتے ہیں لیکن اگر کسی لڑکی کو اچانک پتہ چلے کہ اس کے خوابوں کا شہزادہ بارات لے کر اسے لینے آن پہنچا ہے اور سب ہی اس شادی کی مکمل تیاری کرچکے ہیں تو یقیناً یہ بہت جذباتی لمحہ ہوگا۔ جارجیا کی ایک ہونے والی دلہن کو واقعی یہ سرپرائز مل گیا جس پر وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکی اور بے اختیار خوشی سے آنسو بہانے لگی۔

کرسٹینا کی شادی کچھ دن بعد ہونے والی تھی لیکن اس کے منگیتر برائن کو شرارت سوجھی اور اس نے اپنے اور دلہن کے خاندان کے ساتھ ملکر اسے سرپرائز دینے کا منصوبہ بنالیا۔ کرسٹینا کو یہ بتایا گیا کہ وہ اپنا عروسی جوڑا پہن کر تصاویر بنوانے والی ہے لیکن اصل میں مال آف جارجیا کے سامنے وسیع و عریض چوک میں اس کی شادی کی تیاریاں مکمل تھیں۔

(جاری ہے)

چوک کے درمیان میں بنے ایک بلند قامت کرسمس ٹری کے پیچھے سب مہمان جمع ہوچکے تھے۔

جب وہ ایک دوست کے ساتھ مال آف جارجیا سے نکل کر باہر آئی تو اس کے والد نے استقبال کیا اور بتایا کہ یہ اس کی شادی کا دن ہے جس پر بے اختیار کرسٹینا کے آنسو چھلک گئے۔ جب وہ کرسمس ٹری کی دوسری طرف گئے تو کرسٹینا درجنوں مہمانوں اور جشن کا ماحول دیکھ کر حیران رہ گئی۔ سب نے تالیاں بجا کر استقبال کیا اور پھر ان کی شادی کی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی۔ اس اچانک شادی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد یوٹیوب صارفین بہت بڑی تعداد میں اسے دیکھ اور پسند کررہے ہیں۔