آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کی تحقیقات کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے،پرویز خٹک،

سیکورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کر نے والے دیگر اداروں کو بڑی کامیابی ملی ہے، دہشت گردوں کے متعدد سہولت کار اور شدت پسند گرفتار ہو چکے اور تفتیش کا دائرہ افغانستان تک بڑھا دیا گیا ہے ،سپیشل ملٹری ٹرائل کورٹ وقت کی اہم ضرور ت تھی، غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو کیمپوں تک محدود کیا جائے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

ہفتہ 27 دسمبر 2014 20:14

آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کی تحقیقات کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی تحقیقات کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے سیکورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کر نے والے دیگر اداروں کو بڑی کامیابی ملی ہے دہشت گردوں کے متعدد سہولت کار اور شدت پسند گرفتار ہو چکے اور تفتیش کا دائرہ افغانستا ن تک بڑھا دیا گیا ہے کاروائیوں کے دوران سانحہ پشاور میں دہشت گردوں کی مدد کرنے والے کئی اہم لوگ گرفتار ہو چکے ہیں سپیشل ملٹری ٹرائل کورٹ وقت کی اہم ضرور ت تھی غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو کیمپوں تک محدود کیا جائے وفاقی حکومت اس میں بھر پور تعاون کرے نیز پاکستان ، افغانستان اور اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین باہمی مشاورت کیساتھ افغان مہاجرین کی جلد اور باعزت وطن واپسی کو یقینی بنائے وہ نوشہرہ کے دورے کے دوران اضاخیل بالا میں شاہ عالم خان اور امان کوٹ میں اعجاز خان کی چچی کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر صوبائی وزراء ضیاء اللہ آفریدی، میاں جمشید الدین کا کا خیل اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک بھی موجود تھے پرویز خٹک نے کہا کہ سانحہ پشاور کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ننھے شہیدوں نے پوری قوم کو متحد کر دیا ہے اور ملک بھر کی سیاسی و دینی جماعتیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور عسکری قیادت سمیت تمام ادارے دہشت گردی کے خلاف ایک پیج پر ہیں قومی یکجہتی کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز نے قبائلی علاقوں اور دیگر صوبوں سے پشاور میں دہشت گردوں کی مدد کرنے والوں کا سراغ لگا لیا ہے پرویز خٹک نے کہا کہ پارلیمانی اور ورکنگ کمیٹیٰ نے قومی ایکشن پلان کے تحت جو سفارشات مرتب کی ہیں ان سے دہشت گردی کا بخوبی قلع قمع کیا جاسکے گا انہوں نے کہا کہ سپیشل ٹرائل کورٹ کے ذریعے مقدمات کی جلد سماعت ممکن ہوگی اور گرفتاردہشت گردوں کو فوری کیفرار کردار تک پہنچایا جاسکے گا افغانستان اور پاکستان کے بہتر تعلقات کی وجہ سے نہ صرف خطے میں امن قائم ہوگا بلکہ دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے دورہ افغانستان کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں اور افغان حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے افغان سیکورٹی فورسز کے سربراہ اور ایساف کمانڈ ر کو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے اہم معلومات بھی فراہم کردی ہیں اور انکی روشنی میں ملا فضل اللہ سمیت افغان سرزمین پر موجود طالبان قیادت کے خلاف افغان حکومت نے بھر پور کاروائی کی یقین دہانی کرائی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ سپیشل ملٹری ٹرائل کورٹس میں غیر ملکی دہشت گردوں سمیت کالعدم تحریک طالبان اور دیگر شدت پسندوں کے خلاف کیسوں کی سماعت ہو گی تاکہ جلد فیصلے آئیں اور اتنے خطرناک مجرم سزا سے نہ بچ سکیں دو سال کی مخصوص مدت کیلئے قائم ان عدالتوں میں صرف دہشت گردوں کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوگی جیلوں میں موجود جرائم پیشہ افراد اور شدت پسندوں کے اب تک کے مقدمات سپیشل ٹرائل کورٹ میں چلائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو درکار تمام سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کو صوبے کی مالی مشکلات سے اگاہ کیاہے پرویز خٹک نے کہا کہ ایک ہزار انسداد دہشت گردی فورس بھرتی کی جائے گی پولیس کی بہتر تربیت اور استعداد کار بڑھانے پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے آئی جی خیبر پختونخوا نے اس پر پہلے ہی کام شروع کر دیاہے صوبائی حکومت کی اولین ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کا مسئلہ قومی کانفرنس میں بھی اٹھایا ہے یو این ایچ سی آر کو فور ی فنڈ ز فراہم کرنے ہونگے تاکہ افغان مہاجرین کو بیک وقت افغانستا ن واپس بھجوانے کا عمل مکمل ہو انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں پولیس کو ہدایت کی ہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو حراست میں لیا جائے اور وفاقی حکو مت خصوصی کیمپ قائم کرے تاکہ ان تمام کو کیمپوں میں محدود کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کو کرائے پر مکان دینے والوں کیخلاف کرایہ داری کے نئے قانون کیمطابق مقدمات چلائے جائینگے پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وفاقی ادارے نادرا میں موجود ان کالی بھیڑوں کیخلاف بھی کاروائی کریں جو افغان مہاجرین کو پاکستان شہریت دیکر قومی شناختی کارڈ دے رہے ہیں ۔